عمرہ زائرین کیلئے بغیر ویکسی نیشن سفر کی تاریخ میں توسیع

10 اکتوبر تک بغیر ویکسی نیشن سفر کی اجازت، کراچی ایئرپورٹ پر ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہوگا

بدھ 23 ستمبر 2026 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2026ء) عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن کے بغیر سفر کی مدت میں مزید 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد عمرہ زائرین اب 10 اکتوبر تک بغیر ویکسی نیشن سفر کرسکیں گے۔وفاقی ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے اور ویکسی نیشن کے عمل میں آسانی کے پیش نظر سفر کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے انٹرنیشنل ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر 24 ستمبر سے 24 گھنٹے فعال کردیا جائے گا۔ ویکسی نیشن سینٹر ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ کے اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق بین الاقوامی سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ویکسی نیشن لازمی ہوگی، تاہم ویکسی نیشن کی ضرورت مسافر کی منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے پروگرام کے مطابق طے کی جائے گی۔

کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسی نیشن کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسی نیشن کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر ہے، جبکہ پولیو ویکسی نیشن مفت فراہم کی جائے گی۔بارڈر ہیلتھ انتظامیہ کے مطابق انفلوئنزا ویکسی نیشن ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں جبکہ میننجائٹس ویکسی نیشن 12 سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ہوگی۔

بین الاقوامی مسافروں کے لیے پولیو ویکسی نیشن سال میں ایک مرتبہ لازمی ہوگی۔حکام کے مطابق جعلی یا مشکوک ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس قبول نہیں کیے جائیں گے اور جعلی دستاویزات رکھنے والے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایئرلائنز، ٹریول ایجنٹس اور گراؤنڈ ہینڈلرز کو مسافروں کو ویکسی نیشن کے تقاضوں سے آگاہ کرنے اور روانگی سے قبل سرٹیفکیٹس کی تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈاکٹر مرتضیٰ نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ کی ڈسپنسری میں نادرا کے 5 سہولت مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جیکب لائن ڈسپنسری میں آئندہ ہفتے سے ویکسی نیشن شروع کی جائے گی۔