غیر قانونی ری فلنگ،غیر معیاری سلنڈرز اور گیس میں مکسنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر ملتان

جمعہ 25 ستمبر 2026 14:11

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2026ء) ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے انسانی جانوں کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ حادثے کی روک تھام کے لیے غیر قانونی اور غیر محفوظ ایل پی جی ری فلنگ پلانٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کر دی ۔جمعہ کو یہاں ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایل پی جی پلانٹس کی سکیورٹی، قانونی حیثیت، ری فلنگ کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرڈاکٹرفیصل سلیم نے کہا کہ ضلع بھرمیں ایل پی جی گیس پلانٹس کی بھرپورچیکنگ کی جائے،غیرقانونی ری فلنگ، حفاظتی ایس اوپیزکی خلاف ورزی اور غیر معیاری سلنڈرز کی بھرائی میں ملوث عناصر کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایل پی جی پلانٹس پر حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قائم ایل پی جی پلانٹس کی مکمل چیکنگ کی جائے اور غیر قانونی ری فلنگ یا غیر محفوظ طریقےسے گیس بھرنے والے پلانٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گیس پلانٹس پر غیر معیاری سلنڈرز کی بھرائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام ایل پی جی پلانٹس اپنے مجاز سلنڈرز ہی مارکیٹ میں فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنرنے واضح کیا کہ صرف 14مجاز کمپنیوں کے تیار کردہ سلنڈرز ہی مارکیٹ میں فروخت کیے جاسکیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ، خلاف ورزیوں پرکارروائی اورجرمانوں کےاختیارات اسسٹنٹ کمشنر زکو سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ فیلڈ میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اورحفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں ایل پی جی پلانٹس کی مؤ ثر نگرانی کے لیے اوگرا، کسٹمز اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جو ضلع بھر میں پلانٹس کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں گی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ایل پی جی گیس میں غیر قانونی مکسنگ کی روک تھام کے لیے اوگرا کو بھی بھرپور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایل پی جی پلانٹس کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔