بھارتی فورسز نے بڈگام میں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا

بدھ 30 ستمبر 2026 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع بڈگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڈگام میں یوسمرگ کے علاقے 'کوراگ' میں ہونے والی اس کارروائی میں بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

مقامی رہائشیوں نے انکشاف کیا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں یا تفتیشی مراکز سے لاکر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے بعد عسکریت پسند قرار دیا جاتا ہے۔ اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے یوسمرگ میں ہی رواں ماہ کی 5 تاریخ کو ایک اور نوجوان کو اسی طرح کے جعلی مقابلے میں شہید کیاتھا۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے گروپ اور کشمیری تنظیمیں کشمیریوں کے قتل کے ماورائے عدالت واقعات اور دوران حراست اموات کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مسلسل مطالبہ کر رہی ہیں۔

بھارتی فورسز نے راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور ادھم پور کے علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ مسلم پرسنل لا کے تحت بیٹے کو اپنے والد کی حیات کے دوران جائیداد میں پیدائشی طور پر ملکیت کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ اس فیصلے نے قابض انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کے عمل پر قانونی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں، خاص طور پر ایسی صورت میں جب جائیداد کے مالکان ابھی حیات ہوں۔

دریں اثنا، کٹھوعہ میں قائم ایک کیمپ میں اپنے ہی ساتھی ہیڈ کانسٹیبل کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت بھارتی پیرا ملٹری فورس کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان باہمی جھگڑوں کے دوران فائرنگ کر کے اپنے ہی ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے ایسے واقعات متواتر ر پورٹ ہوتے رہتے ہیں۔اسلام آباد بار کونسل کے ایک وفد نے وائس چیئرمین چوہدری آصف عرفان کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔