درآمدی پرانی گاڑیوں کی جانچ، وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات طلب

62 اقوام متحدہ ضوابط کے تحت حفاظتی و ماحولیاتی معیار کی جانچ یقینی بنانے کی درخواست، حکومت نے کابینہ اجلاس کا حوالہ دے دیا

بدھ 30 ستمبر 2026 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو پرانی گاڑیوں کی درآمد کے دوران اقوام متحدہ کے ضابطوں پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کو مقررہ حفاظتی، ماحولیاتی اور معیار کے تقاضوں کی تکمیل سے مشروط کیا گیا ہے۔

انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے 2025ئ میں 62 اقوام متحدہ کے ضوابط کے تحت گاڑیوں کی جانچ کا دو مرحلہ نظام مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں درآمد سے قبل معائنہ اور درآمد کے بعد آزاد تھرڈ پارٹی معائنہ شامل تھا۔وکیل نے کہا کہ عملی طور پر رجسٹرڈ معائنہ ایجنسیاں صرف عمومی تقاضے چیک کررہی ہیں اور 62 اقوام متحدہ کے ضوابط کے مطابق گاڑی کی موجودہ حالت کی تصدیق نہیں کی جارہی۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں بھی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے وقت موجودہ حالت میں حفاظتی معیار سے مطابقت ثابت نہیں ہوتی۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ درآمد سے قبل معائنہ گاڑی کی موجودہ حالت کی بنیاد پر کیا جائے جبکہ کسٹمز سے کلیئرنس سے قبل ہر استعمال شدہ درآمدی گاڑی کا لازمی بعد از درآمد معائنہ بھی کرایا جائے۔وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ اس معاملے پر وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوچکا ہے۔ عدالت نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔درخواست میں وفاقی وزارت صنعت، وزارت تجارت، ایف بی آر، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔