تھانہ فقیر آباد پشاور سر کل پولیس کی دو مختلف کارروائیاں،11مختلف جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

پیر 5 اکتوبر 2026 18:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2026ء) تھانہ فقیر آباد پشاور سر کل پولیس نے پیر کے روز دو مختلف کارروائیاں میں11مختلف جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق افسران بالا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں ایس پی فقیر آباد ڈویژن علی حمزہ بٹ کی ہدایات پر ڈی ایس پی فقیر آباد سرکل اعجاز نبی خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد کامران مروت نے دیگر نفری کے ہمراہ اقبال پلازہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آئس و دیگر منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں آئس اور دیگر منشیات فروشی میں ملوث ملزم کی شناخت علی رحمان ولد فضل الرحمان سکنہ چارسدہ سے ہوئی جوکہ اقبال پلازہ میں آئس اور دیگر منشیات مخصوص گاہکوں کو فراہم کرنے میں ملوث ہے،اسی طرح عوامی شکایات پر چترالی پلازہ فقیر آباد میں دوسری کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈانس پارٹی اور سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان شاد محمد، احمد، بختیار، عثمان، عدنان، عرفان، شاہ فیصل، محمدا خان، طارق اور طارق کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران تمام ملزمان کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس، ہزاروں روپے مالیت کی ہیروئن، دھندہ رقم 24 ہزار روپے سمیت محفل موسیقی سے لوڈ سپیکر اور دیگر اوزار بھی پولیس تحویل میں لے لیے گئے ہیں،ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔