سول اسپتال سکھر کے ہاؤس جاب ڈاکٹروں کا 5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

ایم ایس اور جی ایم سی پرنسپل کی مذاکرات کے بعد تنخواہیں جاری کرنے کی یقین دہانی، احتجاج ختم

پیر 5 اکتوبر 2026 17:20

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) سول اسپتال سکھر کے ہاؤس جاب ڈاکٹروں نے گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ایم ایس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔مظاہرے میں شریک ڈاکٹر مدثر میرانی، ڈاکٹر شیر زمان، ڈاکٹر ستیش، ڈاکٹر شاہزیب شاہ، ڈاکٹر نور فاطمہ اور ڈاکٹر مزمل ملک نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں ادا نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

مسلسل فرائض انجام دینے کے باوجود معاوضے کی عدم ادائیگی تشویش کا باعث بن گئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ ماہ سے رکی ہوئی تمام تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں اور آئندہ ہر ماہ باقاعدگی سے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔دوسری جانب احتجاج کی اطلاع پر سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ اور جی ایم سی کی پرنسپل ڈاکٹر صالح محمد چنہ دھرنے کے مقام پر پہنچے اور احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں سے مذاکرات کیے۔ انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔