نائجیریا میں بوکوحرام کے حملوں میں 150 افراد ہلاک، مسلح افراد نے جھیل چاڈ کے قریب ککوا گاوٴں پر حملہ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 97 افراد کو ہلاک کر دیا، عینی شاہدین

ہفتہ 4 جولائی 2015 09:53

بورنو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جولائی۔2015ء)نائجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے حملوں میں 150 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے جھیل چاڈ کے قریب ککوا گاوٴں پر حملہ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 97 افراد کو ہلاک کر دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عینی شاہد بابمی الحاجی کولو نے بتایا کہ 50 کے قریب شدت پسندوں نے ککوا گاوٴں پر حملہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ماہِ رمضان میں افطاری کے بعد مساجد میں نماز پڑھنے والے افراد کو نشانہ بنایا۔’انھوں نے عبادت کرنے والوں پر فائرنگ شروع کر دی، ان میں زیادہ تر مرد اور بچے تھے۔‘مونگنو شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ انھوں نے قریب کے دو دیہاتوں سے فائرنگ کی آوازیں سنی تھیں اور وہاں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔

(جاری ہے)

’ لوگ وہاں نماز پڑھ رہے تھا کہ بوکوحرام نے حملہ کر دیا، انھوں نے پہلے نماز ختم ہونے کا انتظار کیا اور اس کے بعد سب کو ایک میدان میں جمع کر کے مردوں کو خواتین سے الگ کر کے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔

ان میں سے کئی ہلاک ہو گئے اور کچھ جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ میں نے پانچ زخمیوں کو دیکھا جو بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے‘۔نائجیریا کی فوج نے جسے ہمسایہ ممالک کے فوجی دستوں کی مدد حاصل ہے، فروری میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے اور بہت سے ایسے علاقے پر واپس کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس پر شدت پسندوں نے پچھلے سال تک قبضہ کر رکھا تھا۔

متعلقہ عنوان :