سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کا حکم امتناع ختم کردیا ،چینل کے ڈائریکٹرزکو دوبارہ سیکورٹی کلئیرنس حاصل کرنے کا حکم

ہفتہ 4 جولائی 2015 09:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جولائی۔2015ء)سندھ ہائیکورٹ نے آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کا حکم امتناع ختم کردیا ہے۔ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کے ڈائریکٹرز کی سیکیورٹی کلئرینس کے معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ نے چینل کے ڈائریکٹرزکو دوبارہ سیکیورٹی کلئیرنس حاصل کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ٹی وی چینل کے چاروں ڈائریکٹرز شعیب شیخ، وقاص عتیق،ثروت بشیراورعائشہ شیخ کو دوبارہ سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹ انتظامیہ نے 2013 میں لبیک ٹی وی کیلئے شعیب شیخ اور دیگر کو بطور ڈائریکٹر شامل کیا تھا، بعد ازاں وزارت داخلہ نے چاروں ڈائریکٹرز کی سیکیورٹی کلیئرنس ختم کر دی تھی جس کے خلاف شعیب شیخ اور دیگر نے سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع حاصل کررکھا تھا۔وزارت اطلاعات کے مطابق بول گروپ نے 2013 میں لبیک کے نام سے لائسنس لیا تھا جس میں 2 ڈائریکٹر ظاہر کئے گئے۔کچھ عرصے بعد شعیب شیخ ان کی اہلیہ اور بہنوئی سمیت 4مزید ڈائریکٹرز شامل کئے گئے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں انتظامیہ کی تبدیلی کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا بھی ضروری قرار دیا۔