روس: الزامات کے بعد ڈوپنگ لیبارٹری بند کر دی گئی

جمعرات 12 نومبر 2015 04:39

ماسکو ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2015ء )روس نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی(واڈا) کی جانب سے معطل کئے جانے کے بعد ملک کی ڈوپنگ لیبارٹری کو بند کردیا۔روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سربراہ نکیتا کمیوف کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کی سرگرمیاں بند کر دی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے تمام احکامات کی مکمل تعمیل کی گئی۔روسی ایتھلیٹس پر واڈا کمیشن کی چونکا دینے والی رپورٹ میں منظم ڈوپنگ الزامات کے بعد روس کی جانب سے یہ پہلا دفاعی بیان تھا۔

اس سے قبل کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔نکیتا کمیوف کا کہناتھا کہ رپورٹ کے ذرائع کی ساکھ پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں کیونکہ جن لوگوں کو شامل کیا گیا ہے وہ خود ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ"جب ایک ایسے کھلاڑی جس نے کئی دفعہ قانون توڑا ہو اور نااہل ٹھہرا ہو جس کے الفاظ ہمارے الفاظ سے بھاری ہوں تو سوالات تو کھڑے ہوتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس کھیلوں کو شفاف بنانے کے لیے گامزن تھا اور ایجنسی ان کی سربراہی میں بڑی موثر سرگرمیاں کررہی ہے۔انھوں نے کہاکہ 'مسائل ہیں لیکن حقائق اور اعداد وشمار بتارہے ہیں کہ روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی موثر کام انجام دے رہی ہے، ایجنسی نے دنیا میں سب سے زیادہ افراد کو سزائیں دی ہیں'۔واضح رہے دو روز قبل واڈا کے تحقیقاتی کمیشن نے روس میں بڑے پیمانے پر ڈوپنگ اور کرپشن کی نشاندہی کرتے ہوئے روسی ایتھلیٹس کو تمام مقابلوں بشمول 2016 کے اولمپکس گیمز سے بھی معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ روس میں ڈوپنگ کے معاملات حکومت کی رضامندی کے بغیر ممکن نہیں تھے۔