بلدیاتی الیکشن نے مسلم لیگ اسلام آباد کے کارناموں سے پردہ اٹھا دیا،وفاق میں تمام لیگی رہنماء قبضہ گروپ اور لینڈ مافیا کے سربراہ ، طارق فضل نے سیکورٹی اداروں کی انکھوں میں دھول جھونک کر افغانیوں اور کابلیوں پر فورس بنا لی ،بنی گالہ ،چک شہزاد،لہتراڑ روڈ ،سہالہ ،ترلائی سمیت دیگر اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں جرائم پیشہ افغان باشندے لیگی رہنما کی فورس کے سپاہی ہیں،وفاقی وزیر داخلہ فوری ایکشن لیکر ایف آئی اے سے تحقیقات کرائیں ،وزیر اعظم ہاؤس نے بھی آنکھیں بند لیں،سینکڑوں کارکنان نے ڈاکٹر ہٹاؤ تحریک کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ،اشرف گوجر،ملک شجاع ،عدنان کیانی کی ہنگامی پریس کانفرنس

جمعرات 12 نومبر 2015 04:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2015ء)بلدیاتی الیکشن نے مسلم لیگ اسلام آباد کے کارناموں سے پردہ اٹھا دیا ، وفاق میں تمام لیگی رہنماء قبضہ گروپ اور لینڈ مافیا کے سربراہ ہیں ،ڈاکٹر طارق فضل نے سیکورٹی اداروں کی انکھوں میں دھول جھونک کر افغانیوں اور کابلیوں پر فورس بنا لی ہے ۔بنی گالہ ،چک شہزاد،لہتراڑ روڈ ،سہالہ ،ترلائی سمیت دیگر اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں جرائم پیشہ افغان باشندے لیگی رہنما کی فورس کے سپاہی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ فوری ایکشن لیکر ایف آئی اے سے تحقیقات کرائیں ،وزیر اعظم ہاؤس نے بھی آنکھیں بند لیں،سینکڑوں کارکنان نے ڈاکٹر ہٹاؤ تحریک کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔گزشتہ روز مسلم لیگ کے رہنما معروف ایڈووکیٹ چوہدری اشرف گوجر،مسلم لیگ اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ملک شجاع الرحمن اور مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماء عدنان کیانی نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ قائد پاکستان کے جذبات اور انکے فرمودات کے مطابق معرض وجود میں آئی مگر یہاں اسلام آباد میں چند مفاد پرست لیگی رہنماء اسلام آباد میں لینڈ مافیا کے سرپرستی کرتے ہوئے ککھ پتی سے ارب پتی بن گئے ہیں ،سکول ٹیچر ،ٹیکسی ڈائیور اور منشی آج ایم این ایز بن کر قبضہ گروپ بن چکے ہیں جس کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

چوہدری اشرف گوجرنے کہا کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات پر اجارہ داری اور جانبدرانہ رویہ سے متعلق آصف کرمانی سمیت دیگر اعلی عہدیدران سے بات کی مگرایک بھی نہ سنی گئی اور ٹکٹ لینڈ مافیا کے بدمعاشوں اور انکے سرپرستوں کو دیدیے گئے جو ملک کی تاریخ کا سیاہ باب بن گیا ہے ۔امجد ایوب پییلز پارٹی کا کارکن تھا جبکہ اسکے بھائی واجد کوٹکٹ اس لیے دیا گیا کیونکہ وہ ملک ابرار کے سالے ہیں چوہدری مطلوب جو کہ عدالت سے مفرور ہیں ،انہیں ٹکٹ دیا گیا کیونکہ وہ ڈاکٹر طارق کے ماموں ہیں طاہر خان انجم عقیل کے بہنوئی کو بھی ٹکٹ دیکر نواز دیا گیا ۔

آئی چودہ میں سی ڈی اے زمین ایکوائرکر چکی ہے مگر اب بھی لیگی ایم این اے کی ایما پر پلاٹوں پر قبضے کر کے کروڑوں روپے کمائے جا رہے ہیں ۔ساجد عباسی کے خلاف قتل کی ایف آئی آر ہے انہیں بھی ٹکٹ دیدیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سیکورٹی اداروں کی انکھوں میں دھول جھونک کر افغانیوں پر ایک جرائم پیشہ فورس بنا رکھی ہے اور انہی کے ذریے زمینوں پر قبضے کیے جاتے ہیں ۔شجاع الرحمن نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل ہے کہ وہ ایف آئی اے کی وساطت سے انکوائر ی کرائیں تاکہ جرائم پیشہ کو ختم کیا جا سکے ۔