پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ،محمد حفیظ نے 102 اور بابراعظم نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، شاندار کارکردگی دکھانے پر محمد حفیظ مین آف دی میچ قرار،دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ (کل) کھیلا جائے گا

جمعرات 12 نومبر 2015 04:30

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2015ء ) پاکستان نے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ، پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 102 اور بابراعظم 62 رنز بنائے اور پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ، شاندار کارکردگی دکھانے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

بدھ کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 217 رنز کا ہدف دیا ۔انگلینڈ کی ٹیم اننگز کے آغاز ہی میں دباؤ کا شکار ہوگئی ، پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر جیسن رائے محمد عرفان کی گیند پرکلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد دوسرے اوور میں 7 کے مجموعی اسکور پرجوئے روٹ محمد انور کا شکار بنے، شدید دباوٴ کا شکار انگلش ٹیم نے ابھی سنبھلنے کی کوشش ہی کی تھی کی انورعلی کے دوسرے اوور میں الیکس ہیل 10 رنز بنانے کے بعد یونس خان کو کیچ دے بیٹھے۔

(جاری ہے)

چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان این مورگن اور جیمز ٹیلرنے 133 قیمتی رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعہ 147 تک پہنچا تو مورگن 76 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بن گئے جب کہ ایک رنز کے اضافے کے بعد نئے آنے والے بلے باز جوز بٹلر بھی ایک رنز بنا کر رن آوٴٹ ہوگئے، کپتان کے جانے کے بعد ٹیلر کی ہمت بھی جواب دے گئی وہ 60 رنز پر شعیب ملک کے ہاتھوں آوٹ ہوئے جب کہ بٹلر ایک، معین علی 7، عادل رشید 7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم کرس ووس اور ڈیوڈ ویلی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 31 رنز بنائے اس دوران ویلی 13 رنز بناکرآوٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3 ، انور علی، شعیب ملک نے 2،2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔217 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ آغاز نہ کرسکی اور پہلے دو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر پوویلین واپس لوٹ گئے تاہم اس کے بعد محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ شعیب ملک 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے جبکہ اپنے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے یونس خان صرف 9 رنز بنا کر پوویلین واپس لوٹ گئے اس کے بعد محمد حفیظ اور نوجوان بیٹس مین بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 102 اور 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔

محمد حفیظ اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 217 رنز کا ہدف 44 ویں اوور میں پورا کرکے میچ اپنے نام کرلیا ۔ شاندار کارکردگی دکھانے پر محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ (کل) جمعہ کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :