میکڈونلڈز چین میں 80 فیصد کاروبار بیچنے پر رضامند

سرکاری سرمایہ کاری گروپ سِیٹک اور امریکی نجی کمپنی کارلائل گروپ 2.1 ارب ڈالر کے اس معاہدے کے تحت میکڈانلڈز کے چین میں آپریشنز کی نگرانی کریں گے

منگل 10 جنوری 2017 13:07

بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2017ء )فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈانلڈز نے اپنے ریستورانوں کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے منصوبے کے حصے کے طور پر چین اور ہانگ کانگ میں اپنے کاروبار کا 80 فیصد حصہ فروخت کر دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔اب چین کے سرکاری سرمایہ کاری گروپ سِیٹک اور امریکی نجی کمپنی کارلائل گروپ 2.1 ارب ڈالر کے اس معاہدے کے تحت میکڈانلڈز کے چین میں آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔

چین میں دو ہزار میکڈانلڈز ہیں جن میں سے 65 فیصد کو کمپنی خود چلاتی ہے۔فرینچائز پر ریستوران کے حقوق دوسرے اداروں کو دے دینے سے کمپنی کو فروخت کی مد میں آنے والی رقم کا حصہ ملتا ہے جب کہ خود ریستوران چلانے کا خرچ بچ جاتا ہے۔میکڈانلڈز اپنے عالمی کاروبار کو ازسرِ نو تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے اور فرینچائز پر ریستوران دینا میں اس کی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ مارچ میں کمپنی نے کہا تھا کہ اسے شراکت داروں کی تلاش ہے تاکہ وہ اگلے پانچ برس میں چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں 1500 نئے ریستوران کھول سکے۔پیر کو طے پانے والے نئے معاہدے کے تحت امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی کو چین کے کاروبار میں سے 20 فیصد حصہ ملے گا۔ سٹیک کا حصہ 52 فیصد، جب کہ کارلائل کا 28 فیصد ہو گا۔میکڈانلڈز کی حریف فاسٹ فوڈ کمپنی یم برینڈز بھی اپنے کاروبار کی تشکیلِ نو کر رہی ہے۔ یہ کمپنی کے ایف سی اور پیزا ہٹ چلاتی ہے۔ان دونوں کمپینوں کو چین میں سستے مقامی ریستوران سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔

متعلقہ عنوان :