2016ء میں کیے گئے تمام فیصلوں کی 90فیصد تعمیل ہو چکی ہے، پہلا نیشنل روڈ سیفٹی پلان 17فروری سے لانچ کیا جا رہا ہے، جعلی ادویات کی خریدوفروخت کو روکنے اور مہنگی ادویات کی سستے داموں فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی جائزہ رپورٹ کا اجراء آئندہ ہفتے ہوگا

وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی پر یس کانفرنس

منگل 14 فروری 2017 23:15

لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ فروری ء)وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ 2016ء میں کیے گئے تمام فیصلوں کی 90فیصد تعمیل ہو چکی ہے، پہلا نیشنل روڈ سیفٹی پلان 17فروری سے لانچ کیا جا رہا ہے،حقوق اطفال کے تحفظ کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 1056کا اجرا ء کر دیا گیا ہے، جعلی ادویات کی خریدوفروخت کو روکنے اور مہنگی ادویات کی سستے داموں فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی جائزہ رپورٹ کا اجراء آئندہ ہفتے ہوگا،ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز مقامی ہو ٹل میں پر یس کانفرنس کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر سینئر ایڈوائزرو نیشنل کمشنر برائے حقوق اطفال اعجاز قریشی،سینئر لاء آفیسر و رجسٹراراحسان احمد،سیکرٹری وفاقی محتسب زریاب احمد،سینئر ایڈوائزر لاہور سید محسن اسد، ایڈوائزر لاہور باسط خان سمیت دیگر بھی موجود تھے، سلمان فاروقی نے کہا کہ وفاقی محتسب نے چار سالوں میں 3لاکھ 15ہزار شکایات کا ازالہ کیا ہے، جن شکایات کے حل میں پہلے 6مہینے سے 10سال تک لگ جا تے تھے اب ان شکایات کے حل میں صرف 15دن لگتے ہیں،85فیصد فیصلے افہام وتفہیم سے حل کیے جا تے ہیں ،وفاقی محتسب کے افسران 130اضلاع اور 500تحصیلوں میں خود جا کر فیصلے کر رہے ہیں ،2016ء میں کیے گئے تمام فیصلوں کی 90فیصد تعمیل ہو چکی ہے،گوجرانوالہ ، حیدرآباد،بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں دفاتر کا افتتاح کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ملک کے 76 وفاقی محکموں کو وفاقی محتسب کے آن لائن سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے اور ان تمام اداروں میں وفاقی محتسب کے فوکل پر سنز مقرر کر دئیے گئے ہیں ، ملک کے 8بین الاقوامی ایئرپو رٹس پرون ونڈو آپریشن سیل کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے اور سمندر پارپاکستانیوں کی 51ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیاجا چکا ہے جس سے ائیر پورٹس پر 80فیصد شکایات کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ ہونیوالی بدسلوکی کے خاتمے کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1056کا اجرا ء کر دیا گیا ہے جبکہ حقوق اطفال کے تحفظ کیلئے تمام صوبوں میں 13کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جیلوں میں قید افراد اور پنشنرحضرات کے مسائل کے حل کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جعلی ادویات کی خریدوفروخت کو روکنے اور مہنگی ادویات کی سستے داموں فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی جائزہ رپورٹ کا اجراء آئندہ ہفتے ہوگا۔