بھارتی خارجہ سیکرٹری منگل سے امریکا جائیں گے

پیر 27 فروری 2017 11:32

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27فروری۔2017ء)بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر منگل سے امریکا کا دورہ کریں گے۔ وہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں، جب نئی دہلی کو توقع ہے کہ سابق امریکی انتظامیہ کے برعکس موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پاکستان کے بارے میں زیادہ سخت موٴقف اختیار کرے گی۔

(جاری ہے)

بھارتی وزرات خارجہ کے مطابق کل منگل سے شروع ہونے والے اس چار روزہ دورے کے دوران جے شنکر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد اْمور کے علاوہ علاقائی مسائل پر بھی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان مذاکرات میں وہ امریکی پالیسی بھی زیر بحث آئے گی، جس کے تحت امریکی کمپنیوں میں بھارت یا دیگر ممالک کے باشندوں کو ملازمت دیے جانے کو مشکل بنانے کی تجویز دی جانی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ اپنے اس دورے کے دوران امریکی ریاست کینساس کے ایک بار میں بھارتی شہریوں پر حملے کے تناظر میں بھی گفتگو کریں گے۔