عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پرپارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ،فرحت اللہ بابر

پیر 27 فروری 2017 11:35

لندن/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27فروری۔2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بختارو بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی مخالفت کی خبروں کے پس منظر میں کہا ہے کہ اس معاملے پر پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں کسی نئے شخص کو رکنیت دینے یا شامل کرنے کا ایک طے شدہ طریقہ کار ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا جب بھی کوئی شخص پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرتا ہے اور پارٹی اس پر اتفاق کرتی ہے تو ایک باقاعدہ پریس ریلیز جاری کیا جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ عرفاق اللہ مروت کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پارٹی کی طرف سے کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کیا گیا۔ انھوں نے نبیل گبول کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے اعلان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ایک باقاعدہ پریس ریلیز جاری کیا گیاتھا۔یاد رہے کہ مرحوم صدر غلام اسحاق خان کے داماد عرفان اللہ مروت نے چند دن قبل امریکہ میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی اور اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔