شہر کی تقسیم کے خلاف مظاہروں پر ایرانی پولیس کی فائرنگ سے دومظاہرین جاں بحق

مشتعل ھجوم کاپولیس سینٹر پر دھاوا،آگ لگا دی، فارس صوبے کے کئی علاقوں میں کرفیو،حالات کشیدہ

جمعرات 17 مئی 2018 13:46

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء)ایران میں انسانی حقوق کے کارکنان نے بتایا ہے کہ فارس صوبے کے کازرون شہر میںگزشتہ روز ہونے والے ایک پر امن احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق مظاہرین شہر کی تقسیم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس نے ان پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

سماجی کارکنوں نے مظاہرین پر پولیس کے حملے کی تصاویر اور فوٹیج سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔ مشتعل ھجوم نے دوار کے مقام پر قائم ایک پولیس سینٹر پر دھاوا بولا اور اسے آگ لگا دی۔ مظاہرین نے پولیس کی متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کر ڈالیں۔ سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین شاہراہ فلسطین میں پھیل گئے اور انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شہر کی تقسیم روکنے کا مطالبہ کیا۔انسانی حقوق کارکنوں کا کہنا تھا کہ پر تشدد احتجاج کے بعد پولیس نے فارس صوبے کے کئی علاقوں میں کرفیو لگا دیا ہے۔