حیران کن پیش رفت، روس کا شام سے ایرانی فوج کے مکمل انخلاء کا اعلان

ایرانی فورسز کی درعا سے واپسی شروع ہوگئی اور بہت تھوڑی تعداد میں جنگجو اور اہلکار باقی رہ گئے ہیں،شامی اپوزیشن

ہفتہ 2 جون 2018 11:58

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 2 جون 2018ء)شام میں ایرانی فوجیوں کے انخلاء سے متعلق روس اور اسرائیل کے درمیان مبینہ ڈیل کی اطلاعات کے جلو میں روس نے ایک حیران کن اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ شام میں موجود ایرانی فوج چند روز کے اندر اندر ملک چھوڑ جائے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ میں روسی مندوب فاسیلی نیپینزیا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کی سرحد کے قریب شام کے جنوب مغربی علاقے سے ایرانی فوج کے انخلاء کا معاہدہ طے پا گیا ۔

ایرانی فورسز چند ایام کے اندر اندر علاقہ خالی کردیں گی۔ایک سوال کے جواب میں روسی مندوب کا کہنا تھا کہ جنوب مغربی شام میں اسرائیل کی سرحد سے متصل علاقوں سے ایرانی فورسز کے انخلا سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹس میری نظر سے گذری ہیں۔

(جاری ہے)

میرے علم کے مطابق جنوب مغربی شام سے ایرانی فورسز چند روز کے اندر اندر نکل جائیں گی۔قبل ازیں شام کے ایک با خبر عسکری ذریعے نے بتایا کہ جنوبی شام کے شہر درعا سے ایرانی فورسز اور حزب اللہ ملیشیا نے انخلاء پر آمادی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد ایرانی جنگجوؤں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔

اپوزیشن کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ ایرانی فورسز کی درعا سے واپسی شروع ہوگئی اور بہت تھوڑی تعداد میں جنگجو اور اہلکار باقی رہ گئے ہیں۔ اگلے چند روز میں وہ بھی درعا سے نکل جائیں گے۔