سعودی عرب میں گرفتار کیے جانے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں مزید کئی لاکھ کا اضافہ

سعودی عرب، غیر قانونی تارکین کے خلاف کریک ڈائون، 11 لاکھ 92 ہزار 498 افراد کو گرفتار گرفتار شدگان میں 54 فیصد یمنی ، 43 فیصدایتھوپی جبکہ 3 فیصدمختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شامل ،2لاکھ 11 ہزار 702 تارکین سے تحقیقات مکمل ، ایک لاکھ 70 ہزار757 افراد سفری دستاویزات مکمل ہونے کے انتظار میں، اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 8 لاکھ 83 ہزار 398 افراد کو گرفتار،،سعودی وزارت دخلہ

پیر 4 جون 2018 18:57

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء)سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کے دوران 11 لاکھ 92 ہزار 498 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے،گرفتار شدگان میں 54 فیصد یمنی ، 43 فیصدایتھوپی جبکہ 3 فیصدمختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شامل ہیں،2لاکھ 11 ہزار 702 تارکین سے تحقیقات مکمل اور ملک روانگی کے منتظر ہیں ، ایک لاکھ 70 ہزار757 افراد سفری دستاویزات مکمل ہونے کے انتظار میں ہیں، اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 8 لاکھ 83 ہزار 398 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین کے خلاف مملکت کی سطح پر جاری مہم کے دوران اب تک 11 لاکھ 92 ہزار 498 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

گرفتار شدگان میں 54 فیصد یمنی ، 43 فیصدایتھوپی جبکہ 3 فیصدمختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شامل ہیں ۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم مختلف مراحل پر مشتمل ہے جن میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 8 لاکھ 83 ہزار 398 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قانون محنت کی خلاف ورزی پر 2لاکھ 11 ہزار 588 جبکہ سرحد ی خلاف ورزیوں پر گرفتار شدگان کی تعداد 97ہزار 512 رہی ۔

سرحدی محافظوں نے 781 افراد کو غیر قانونی طور پر سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ۔ غیر قانونی تارکین کو روزگار اور انہیں قیام و طعام کی سہولت فراہم کرنے والے بھی قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں ۔ غیر قانونی تارکین کو مذکورہ سہولتیں فراہم کرنے پر 2110 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں 396 مقامی شہری تھے جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے ۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں ڈیپورٹیشن سینٹر لایا جاتا ہے جہاں انکے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرکے انہیں ملک بدر کیاجاتا ہے ۔ اب تک 3 لاکھ 13 ہزار 491 افراد کو ملک بدر کیاجاچکا ہے ۔ 2لاکھ 11 ہزار 702 تارکین سے تحقیقات مکمل کی جاچکی ہیں وہ اپنے ملک روانگی کیلئے سیٹوں کی کنفرمیشن کے انتظار میں ہیں جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار757 افراد سفری دستاویزات نہ ہونے کے سبب اب تک سفر نہ کرسکے ۔