شادی کی خوشی ماتم میں تبدیل، مصری دوشیزہ رخصتی کا دو گھنٹے بعدانتقال

دلہن اچانک سینے میں شدید تکلیف کے بعد غش کھا کر زمین پر گر پڑی،پولیس کی تحقیقات جاری

منگل 26 جون 2018 12:20

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء)مصر میں ایک لڑکی اپنی شادی کے دو گھنٹے بعد حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی جس کے نتیجے میں دونوں خاندانوں کی خوشی ماتم میں بدل گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ شمالی مصر کی الدقھلیہ گورنری کے شہر المنصورہ میں پیش آیا۔ مقامی شہریوں اور متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ 17 سالہ سماح النحاس کی شادی کی تقریبات جاری تھیں اور اس کے نکاح کو صرف دو گھنٹے ہی گذر پائے تھے۔

(جاری ہے)

وہ جیسے ہی اپنے شوہر کے گھر میں داخل ہوئی وہ دروازے پر گر پڑی۔ اس کا فوری طبی معائنہ کرایا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے دل کے عضلات نے حرکت بند کر دی ہے۔النحاس کالج کی طالبہ اور ابھی زیر تعلیم تھی تاہم اس کی شادی 28 سالہ محمود کے ساتھ کی گئی تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ الںحاس شادی کی مسلسل تقریبات کی وجہ سے بہت زیادہ تھکاوٹ کا شکار تھی اور اس دوران اس نے کچھ کھایا پیا بھی نہیں تھا۔ اس نے اچانک سینے میں شدید تکلیف کی شکایت کی اور ساتھ ہی غش کھا کر زمین پر گر پڑی۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم دونوں خاندانوں میں ماتم کی کیفیت ہے۔