احتساب عدالت نے قمر الاسلام اوروسیم اجمل کو14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا

نیب تمام کارروائی محض الزامات کی بنیادپرکررہا ہے ،نیب کے پاس کرپشن کی کوئی درخواست آئی نہ ثبوت ہیں، وکیل کے دلائل

منگل 26 جون 2018 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء) احتساب عدالت نے کرپشن الزام میں گرفتار (ن) لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی قمر الاسلام اوروسیم اجمل کو14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ملزموں کو 9 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کرپشن الزام میں گرفتار ملزموں قمر الاسلام اوروسیم اجمل کواحتساب عدالت میں پیش کیا گیا،نیب نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کیا کہ صاف پانی کمپنی کیس میں ملزمان اربوں روپے کرپشن میں ملوث ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کیا جائے۔

ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب تمام کارروائی محض الزامات کی بنیادپرکررہا ہے ،نیب کے پاس کرپشن کی کوئی درخواست آئی نہ ثبوت ہیں،وکیل قمر الاسلام نے کہا کہ ان کے موکل چوہدری نثا رکیخلاف الیکشن لڑ رہے ہیں اس لئے نیب اور الیکشن کمیشن انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہا ہے ،وکیل صفائی نے کہا کہ ان کے موکل کے پاس صاف پانی کمپنی کا انتظامی اختیار نہیں تھا،نیب کو اعتراض ہے مذاکرات کیوں نہیں کئے۔

(جاری ہے)

قمر الاسلام نے کہا کہ جیل میں بھی ہوا توووٹرز میرے حق میں فیصلہ دیں گے ،نیب تمام کارروائی محض الزام کی بنیادپر کر رہا ہے ، میں الیکشن مہم کیسے چلائوں گا،عدالت نے ملزم کو سیاسی بیان سے گریز کی ہدایت کردی۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزموں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اوردونوں کو 9 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔