جنوبی شام میں لڑائی میں شریک ہیں، انخلاء عمل میں نہیں آیا، حزب اللہ

ہماری ملیشیا نہ تو جنوبی شام سے باہر آئے گی اور نہ شام سے کوچ کرے گی، ہاشم صفی الدین

اتوار 22 جولائی 2018 15:30

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 جولائی 2018ء)لبنان کی دہشت گرد قرار دی جانے والی ملیشیا حزب اللہ کے ایک رہ نما نے جنوبی شام میں ملیشیا کے عناصر کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ اگرچہ بشار الاسد کی حکومت نے حالیہ عرصے میں یہ بات پھیلائی تھی کہ اردن اور اسرائیل کے متوازی لبنان کے جنوب میں سیف زون میں کسی غیر ملکی ملیشیا کا وجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی مجلس عاملہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین نے جنوبی شام میں اپنے جنگجوؤں کے موجود ہونے کی تصدیق کی ہے۔شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے اخبارنے اتوار کو بتایا کہ حزب اللہ کی جانب سے ایک اعزازی تقریب کے دوران صفی الدین کا کہنا تھا کہ ان کی ملیشیا نہ تو جنوبی شام سے باہر آئے گی اور نہ شام سے کوچ کرے گی۔یاد رہے کہ ہاشم صفی الدین کا نام کئی ہفتوں قبل سعودی عرب اور امریکا کی جانب سے جاری دہشت گرد عناصر کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔ اس پر مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے اور شامی صدر بشار الاسد کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کی حمایت کا الزام ہے۔