شیخ رشید کی این اے60 میں الیکشن ملتوی ہونے کی مخالفت

چیف جسٹس سے نوٹس لینےکا مطالبہ، الیکشن کمشنرکوعدالت آکرالیکشن ملتوی کرنے کا آئین بتانا ہوگا، الیکشن کمشنر کےپاس الیکشن روکنےکا اختیارنہیں، مجھے اورعمران خان کوہرانے کی سازش کی جارہی۔سربراہ عوامی مسلم کی پریس کانفرنس

اتوار 22 جولائی 2018 20:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 جولائی 2018ء): عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انتخابی حلقہ این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کی مخالفت کردی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنرکوکل ہائیکورٹ آکرالیکشن ملتوی کرنے کاآئین بتانا ہوگا، الیکشن کمشنر کے پاس الیکشن روکنے کا اختیار نہیں، مجھے اور عمران خان کوہرانے کی سازش کی جارہی، الیکشن کوداغدار نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے روالپنڈی کے انتخابی حلقہ این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنے پرپریس کانفرنس میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 7 سال سے ایفیڈرین کا کیس چل رہا تھا۔500 ایفیڈرین کیس پرفیصلہ ہوا ہے۔حنیف عباسی کوعمر قید کی سزا ہوئی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں الیکشن روکنے کا کوئی شوق نہیں تھا۔

(جاری ہے)

پہلے فیصلے کیلئے 10پھر 22جولائی کا لیٹرجاری کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرکے غیرآئینی فیصلہ دیا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کے پاس الیکشن روکنے کا کوئی اختیار نہیں۔ اگر یہ اختیار استعمال کرنا تھا توپھر کیپٹن ر صفدر کے حلقے میں الیکشن کیوں ملتوی نہیں کیا گیا؟ الیکشن کوداغدار نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمشنرنے اگر آئین کے تحت الیکشن روکا ہے توہائیکورٹ میں کل آکر بتانا ہوگا۔

آئین وقانون کے تحت دنیا کی کوئی طاقت الیکشن نہیں روک سکتی۔امید ہے الیکشن کمیشن آئینی راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور عمران خان کوہرانے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایک حلقے کے الیکشن کوسازش کے تحت روکا جارہا ہے۔ کوئی طاقت آئین کے تحت الیکشن نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ 61 کے امیدوار کواین اے 62 کا ٹکٹ دیا گیا۔ حلقے میں الیکشن ملتوی ہونے پرچیف جسٹس سے نوٹس لینے کا کہتا ہوں۔

بے شک حنیف عباسی کو جیل سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔ حنیف عباسی جمہوریت کا قیدی نہیں ،منشیات اسمگلنگ میں قید ہوا ہے۔ واضح رہے این اے 60راولپنڈی میں ن لیگ کے امیدوار حنیف عباسی کوانسداد منشیات عدالت سے ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا ہونے پرالیکشن کمیشن نے این اے ساٹھ میں انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔