دھاندلی کونہ روکا توعوامی سیلاب نہیں روک سکوں گا،شہبازشریف

ملتان والو! جہاں آپ کاپسینہ وہاں میراخون ہوگا، شیخ رشید کوعلم تھاحنیف عباسی70 ہزار ووٹوں سے شکست دے گا، ہم دھاندلی والی دیوار کو گرا کر پاکستان کوعظیم بنائیں گے،25جولائی کو شیر پر ٹھپہ لگا کر عمران خان کی سیاست ٹھپ کرنی ہے۔ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب

اتوار 22 جولائی 2018 23:43

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 جولائی 2018ء): پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پنجاب کی نگران حکومت اکٹھے ہو چکے ہیں، ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اللہ کے فضل سے اس دیوار کو گرائیں گے اور پاکستان کو بنائیں گے، جس طرح حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ رات کے 12بجے آیا اس کی مثال نہیں ملتی، شیخ رشید کو علم تھا کہ حنیف عباسی اسکو 70ہزار ووٹوں سے شکست دے گا، حنیف عباسی نے شبانہ روز محنت کی اور پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان بنائے، میں الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ لاڈلوں کو الیکشن کے بعد کی تاریخ مل گئی جبکہ حنیف عباسی کو الیکشن سے عین پہلے سزا سنا دی گئی۔

وہ گزشتہ روز ملتان میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر جاوید ہاشمی سمیت دیگر مقامی قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی، جلسے کے آغاز سے قبل ملتان میں شہباز شریف دور میں کیے گئے ترقیاتی کاموں پر مبنی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی، جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، یہ جیلیں، یہ ہتھکڑیاں پہلے بھی برداشت کی ہیں، اگراس ملک کی عوام اور ووٹ کی عزت کے لیے پھانسی پر بھی چڑھنا پڑا تو چڑھ جاؤں گا، میں پُر امن آدمی ہوں لیکن ووٹ کی عزت کے لیے جان نچھاور کر دوں گا، اگر نیب، الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں نے اس دھاندلی کو نہ روکا تو پھر میں اس سیلاب کو نہیں روک سکوں گا بلکہ اس کی قیادت کروں گا اور ووٹ کی عزت کو پامال ہونے سے بچاؤں گا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ آج اس شدید گرمی اور حبس میں یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کا فیصلہ سنا رہاہے کہ 25 جولائی کو ووٹ کی طاقت سے نواز شریف، مریم نواز اور حنیف عباسی کو جیل سے آزاد کروائیں گے، ملتان والو جہاں آپ کا پسینہ ہو گا وہاں میرا خون ہو گا، ہم مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملتان میں کڈنی سنٹر بنایا، اب لوگ گردے کے علاج کے لیے لاہور نہیں آتے ملتان میں ہی علاج کرواتے ہیں،ملتان کا چلڈرن ہسپتال بنوایا، چار یونیورسٹیاں بنوائیں جہاں آپ کے بچے بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں، ملتان لاہور موٹر وے، ملتان فیصل آباد موٹر وے جیسے منصوبے آپ کی سہولت کے لیے تیار کیے گئے، کہا جاتا تھا کہ نواز شریف موٹر وے بنا کر پیسوں کا ضیائع کر رہا ہے، اگر آج موٹر وے نہ ہوتے تو لوگوں کو ٹکٹیں خرید کر دنوں تک انتظار کرنا پڑتا، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کے اگراللہ نے موقع دیا تو ملتان میں ڈیڑھ سال کے اندرٹیکنیکل یونیورسٹی بنا کر دوں گا۔

اگر آپ نے منتخب کیا تو ملتان میں نشتر ہسپتال نمبر دو ایک سال میں مکمل کروا کے دوں گے اور بہاولپور میں بھی میٹرو بناؤں گا۔انہوں نے کہا کہ چشم فلک نے شاید کم ہی دیکھا ہو کہ ایک بیٹی کو اس کے باپ اور باپ کو اس کی بیٹی کے سامنے گرفتار کیا گیا ہو اور وہ باپ جس نے بل کلنٹن کی لالچ کے با وجود بھارت کے 5کے مقابلے میں 6دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا یا،جس نے موٹروے کے جال بچھائے، ملک بھر سے اندھیروں کو دور کیا، پاکستان کو ترقی دی ، سی پیک کا تحفہ دیا، معشیت کو سہارا دیا، اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا جیسے وہ ملک دشمن ہو، آپ نے 25 جولائی کو شیروں پر مہر لگا کر شیروں کو جتوانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ترک صدر طیب اردگان کا فون آیا انہوں نے میرے بارے پوچھا، نواز شریف اور کلثوم نواز کے بارے پوچھاطیب اردگان نے دہشتگردی میں نشانہ بننے والوں پر مجھ سے تعزیت بھی کی،طیب اردگان نے پوچھا کہ میں آپ کی کیا مدد کر سکتا ہوں، میں نے کہا ہمارے لیے دعا کریں اللہ ہماری مشکلات آسان کرے،میں نے طیب اردگان سے کہا کہ میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ ہم پاکستان کو ترکی کے ہم پلہ بنائیں گے آپ ہمارے مدد کریں گے، انہیں نے کہا شہباز شریف تم میرے بھائی ہو جو تم کہو گے وہ کروں گا۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ الزام خان اور بہتان خان کہتا تھا کہ ملتان میں میٹرو میں کرپشن ہوئی ہے، اگر ملتان میٹرو میں ایک دھیلے کی کرپشن نکل آئی تو سیاست چھوڑ دوں گا ،عمران خان کہتا تھا پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناؤں گا، آخری سال تک جب کچھ نہ کیا تو خیال آیا کہ جنگلہ بس بنا لی جائے ، میں پشاور گیا تو دیکھا کہ پشاور کھنڈر بن چکا ہے، الزام خان کی حکومت نے میٹرو بس کا ٹھیکہ ہی بلیک لسٹ کمپنی کو دے رکھا تھا جس کی بدولت پشاور میٹرو کا تخمینہ لاہور میٹرو سے 40ارب زیادہ پہنچ چکا ہے۔25جولائی کو شیر پر ٹھپہ لگا کر عمران خان کی سیاست ٹھپ کرنی ہے۔