شہبازشریف کوترک صدرکا فون،باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال

طیب اردگان کا مستونگ سمیت دہشتگردی کے واقعات میں جانی نقصان پراظہار افسوس، ترک صدرکا بیگم کلثوم نوازکیلئے نیک تمناؤں کا اظہار،نوازشریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھجوایا،دہشتگردی کیخلاف اور ترقی وخوشحالی کیلئے اکٹھے ہیں۔ٹیلیفونک گفتگو میں تبادلہ خیال

اتوار 22 جولائی 2018 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 جولائی 2018ء): پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے ترکی کے صدرطیب اردگان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، ترک صدرنے مستونگ سمیت دہشتگردی کے دیگرواقعات پراظہار افسوس کیا۔ مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل کے مطابق ترکی کے صدر طیب اردگان نے ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے کردار کو سراہا ہے۔

 وہ آج ٹیلی فون پر میاں شہباز شریف سے گفتگو کر رہے تھے ،اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔ ترکی کے صدر طیب اردگان نے مستونگ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول میں اکٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

طیب اردگان نے میاں شہباز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں پوچھا اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے بالخصوص میاں نوازشریف کے بارے میں دریافت کیا اور ان تک نیک خواہشات پہنچانے کے لئے کہا۔ میاں شہباز شریف نے ترکی کی مدد سے پاکستان میں غربت کے خاتمہ اور ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، طیب اردگان نے میاں شہباز شریف کو یقین دلایا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر موقع پر ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا ۔

دونوں رہنماؤں نے ترکی اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے باہمی رابطے قائم.رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔ دوسری جانب شہبازشریف نے نجی ٹی وی کواپنے انٹرویو میں بتایا کہ عمران خان نے کے پی کے میں بلیک لسٹ کمپنی کو 70 ارب روپے کا ٹھیکہ دیدیا میں 26 جولائی کو بتائوں گاکہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کس طرح ہوئی ۔ نیب نے پنجاب کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلیک لسٹ کمپنی کو میں نے ٹھیکہ دیا ہوتا تو مجھے کالے پانی بھجوا چکے ہوتے ۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عابد باکسر کو کٹہڑے میں لائیں پھر پانی کا پانی اور دودھ کا دودھ ہو جائے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر میں نے اتنا بڑا مجمع اور جذباتی پن لاہور کی سڑکوں پر دیکھا کہ میں نے اتنے لوگ اپنے 30 سالہ کیرئیر میں بھی نہیں دیکھے ۔

محترمہ بے نظیر شہید کا بھی بہت والہانہ استقبال کیا گیا تھا ۔ انتظامیہ نے ہمارے ہزاروں کارکنوں کو بھی گرفتار کیا اور ہماری تمام سینئر لیڈر شپ کے خلاف دہشتگردی کے مقدمے کئے گئے ۔ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ نیب ہمارے لوگوں سے پیشیاں بھگتا رہا ہے اور باقیوں کو پیسٹریاں کھلا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ میں بابر اعوان ملزم ہے اس کو کسی نے نہیں بلایا ۔

مشرف کا جو سیکرٹری تھا اس کا سگا بھائی اس کو پرویز الٰہی گورنمنٹ نے مشرف کے ساتھ مل کر بغیر ٹینڈرنگ کے ٹھیکہ دیدیا گیا ۔ نندی پور منصوبے میں بھی ٹینڈر نگ نہیں کی گئی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی کے موقع پر سب کہ پتہ تھا کہ انہوں نے سلاخوں کے پیچھے جانا ہے ۔ ائیر پورٹ پر میری 86 سالہ والدہ تڑپ رہی تھیں کہ میں نے اپنے بیٹے اور پوتی سے ملنا ہے مگر ان کو نہیں ملنے دیا گیا ۔

میری بھابھی آج زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔ یہاں پر انتخاب کرکے احتساب کیا جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں شور اٹھایا گیا کہ طوطے کی جان اس میں ہے اور یہ اربوں کھربوں کے سکینڈل سامنے آجائیں گے ۔ اب 6,5 مہینے ہو گئے ہیں تو اب تک کوئی سکینڈل سامنے کیوں نہیں آیا میں نے اورنج لائن منصوبے میں 75 ارب قوم کے نہیں بچائے ہوں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سب کو مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے میں کہتا ہوں کہ ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو ووٹ دو۔پاکستان میں شفاف الیکشن کروانے کی الیکشن کمیشن ذمہ دار ہے ۔ اگرخدانخواستہ کچھ بھی ہوا تو ہم ان کو پکڑیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ الحمداللہ ہم انتخاب جیت چکے ہیں لکھ کے لے لیں ۔ وفاق ، پنجاب اور کے پی کے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے ووٹر 25 جولائی کو خدا کا نام لے کر نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں ۔