Peeth Ka Dard Aur Muasar Warzishain - Article No. 2528
پیٹھ کا درد اور موٴثر ورزشیں - تحریر نمبر 2528
پیٹھ کا درد دُور کرنے کی موٴثر ورزشیں درج کی جا رہی ہیں،جن پر عمل کرنے سے متاثرہ فرد کو فائدہ ہو گا
بدھ 31 اگست 2022
(1) پیٹھ میں درد ہو تو چند روز کے لئے ورزش ترک کر دیجیے،لیکن اگر کمر کے نچلے حصے میں تکلیف ہو تو ٹانگوں اور پیٹ کے عضلات کو ہلکی پھلکی ورزش سے مضبوط بنائیے اور وزن زیادہ ہو تو اُسے کم کیجیے۔
(2) سامان اُٹھاتے وقت وزن دو برابر حصوں میں بانٹ کر اٹھائیے،کسی ایک طرف سے وزن اُٹھانے سے پیٹھ کے عضلات پر دباؤ بڑھ جانے سے درد ہوتا ہے۔بہتر یہ ہے کہ چھوٹی ٹرالی پر وزن رکھ کر لے جایا جائے،اس طرح پیٹھ کے پٹھوں پر بوجھ نہیں پڑے گا۔
(3) گاڑی چلاتے وقت اپنی سیٹ بہت پیچھے نہ رکھیے۔اس طرح ٹانگیں دراز ہوں گی تو پیٹھ پر زور پڑے گا۔ٹانگیں کولھوں سے اونچی ہوں تو پیٹھ میں درد نہیں ہوتا۔
(جاری ہے)
سیٹ پر کمر کی طرف تکیہ رکھ لینے سے بھی پیٹھ کو آرام اور سہارا ملتا ہے۔
(4) پیٹ کے بل نہ سوئیے۔
(5)جب بھی چلیے،سیدھے چلیے،جیسے آپ کے سر پر تاج رکھا ہو۔جھک کر نہیں چلنا چاہیے۔اونچی ایڑی کے جوتے استعمال نہ کیجیے۔بیگ ساتھ ہو تو باری باری دونوں کندھوں پر لٹکا کر چلیے یا بیگ کا بیلٹ لمبا ہو تو کندھے پر آڑا ڈال لیجیے،اس طرح پیٹھ کا درد تنگ نہیں کرے گا۔
(6) جب بھی کھڑے ہوں،سیدھے کھڑے ہوئیے۔آپ کی ٹھوڑی اندر کھنچی ہو اور پیٹ کا نچلا حصہ آگے کو اُٹھا ہوا ہو۔زیادہ دیر کھڑے رہنے کی صورت میں باری باری پیر کسی اونچی جگہ پر ٹیک لیجیے،تاکہ پیٹھ میں درد نہ ہو۔
(7) اگر آپ بیٹھے ہوں تو گھٹنے کولھوں سے کچھ اونچے رکھیے۔اس کے لئے 35ء انچ اونچا اسٹول استعمال کیجیے۔کمر کو کسی سخت تکیے یا کرسی کی پشت پر ٹیک کر آرام پہنچائیے اور گھٹنے باری باری کراس رکھیے۔اس طرح پیٹھ کے درد کا خطرہ نہیں رہے گا۔
وزن اُٹھانے کے پانچ اُصول
(1) وزن اُٹھانے سے پہلے دونوں پاؤں کے درمیان فاصلہ رکھ کر انھیں مضبوطی سے زمین پر جمائیے۔اس طرح وزن سے قریب کھڑے ہو کر احتیاط سے گھٹنوں کی طرف جھکیے (کمر نہ جھکائیے)۔گہرا سانس لے کر پیٹ کے عضلات بھی نیچے،تاکہ پیٹھ کو ان سے سہارا ملے اور پھر وزن اُٹھائیے۔
(2) وزن تھام کر پیروں کو سیدھا کرتے ہوئے وزن اُٹھائیے اور اپنی کمر سیدھی رکھیے۔آپ محسوس کریں گے کہ آپ کے پیر پیٹھ سے زیادہ مضبوط ہیں۔
(3) وزن کو پیٹ سے قریب رکھ کر تھامے رہیے اور پیٹھ پر کم سے کم بوجھ ڈالتے ہوئے آہستہ آہستہ سامان لے کر چلیے۔
(4) مڑنے کی صورت میں صرف پیر موڑیے،پیٹھ نہیں۔اس طرح سے پیٹھ میں درد نہیں ہو گا۔
(5) سامان اس انداز میں نیچے رکھیے،جس طرح آپ نے اُسے اُٹھایا تھا،یعنی پیر تو جھکیں،لیکن پیٹھ سیدھی رہے۔وزن نیچے رکھنے سے پہلے وزن کے نیچے سے اپنی انگلیاں ہٹا لیجیے۔
پیٹھ کی ورزشیں
(1) فرش پر اس طرح لیٹیں کہ آپ کے دونوں گھٹنے اُٹھے ہوئے ہوں۔اب دایاں پیر گھٹنے سے نیچے دونوں ہاتھوں سے تھام کر اسے کندھے سے قریب لا کر پانچ تک گنتی کریں۔اسی طرح بایاں پیر کندھے کے قریب لائیے۔یہ عمل 3-3 بار کریں۔
(2) پہلی ورزش ہی کی طرح گھٹنے کھڑے رکھ کر لیٹیں۔اپنا دایاں پیر سینے کی طرف لاتے ہوئے اسے دھیرے دھیرے چھت کی طرف اُٹھائیے،یہاں تک کہ گھٹنا بالکل سیدھا ہو جائے۔چھے تک گنتی کرکے ٹانگ کو موڑے بغیر دھیرے دھیرے فرش پر لٹکا کر پہلے کی طرح گھٹنا پھر کھڑا کر لیجیے۔اب بائیں پیر سے بھی یہی ورزش کریں۔ہر پیر سے پانچ بار یہ ورزش کریں۔
(3) فرش پر گھٹنے کھڑے کرکے لیٹ جائیں۔دونوں ہاتھ سر کے نیچے رکھیں۔پیٹ سکیڑ کر کولھوں کو سمیٹیں اور اوپر کی طرف اُٹھائیے،اس طرح کہ کمر کا حصہ فرش سے اوپر اُٹھ جائے۔اب پانچ تک گنتی کرکے اصلی حالت پر واپس آجائیں۔یہ ورزش پانچ مرتبہ کریں۔
(4) کرسی پر اس طرح بیٹھ جائیں کہ سر اور پیٹھ بالکل سیدھے رہیں اور دونوں ہاتھ کرسی پر ٹکے ہوں۔اب اپنے کندھے کانوں تک اُٹھائیے اور پانچ تک گنتی کریں۔اب دونوں ہاتھ بالکل سیدھے چھت کی طرف اُٹھائیے۔پانچ تک گنتی کیجیے۔یہ ورزش تین مرتبہ دہرائیں۔
(5) اگر پیٹھ کا درد 72 گھنٹوں کے بعد بھی برقرار رہے۔پیٹھ میں درد کی شدت میں اضافہ ہونے لگے۔درد ٹانگوں اور بازوؤں تک پھیلنے لگے۔بازو اور ٹانگیں سُن رہنے لگیں۔ایک برس کے عرصے میں درد کے حملے دو مرتبہ سے زیادہ ہوں اور اگر پیٹھ میں درد کے ساتھ بخار،پیشاب میں تکلیف اور جنسی اعضا میں کوئی خرابی ہو جائے تو فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
Browse More Backache
کمر درد کے بارے میں کب پریشان ہونا چاہئے اور کب نہیں
Kamar Dard Ke Bare Mein Kab Pareshan Hona Chahiye Aur Kab Nahi
کمر میں درد کی لہریں
Kamar Mein Dard Ki Lehrain
پیٹھ کا درد اور موٴثر ورزشیں
Peeth Ka Dard Aur Muasar Warzishain
کمر کا درد ۔ ایک تکلیف،ایک پریشانی
Kamar Ka Dard - Aik Takleef - Aik Pareshani
ہائےچک آ گئی
Haye Chuk Aa Gayi
موسم سرما میں ہڈیوں کی حفاظت
Mosaam E Sarma Main Haadiyon Ki Hifazat
اُف․․․یہ کمر درد
Uff Yeh Kamar Dard
اُٹھنے بیٹھنے میں احتیاط کیجیے!
Uthne Bethne Main Ehtiyat Kijye!
ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ بچائو کیسے ممکن
Reerh Ki Haddi Par Dabao Bchao Kaisay Mumkin
کمردرد وبال جان
Kamar Dard Wabal Jaan
کمر درد: اسباب اور علاج
Kamar Dard Asbaab Aur Ilaaj
کمر پتلی کرنے کی ورزشیں (تیسرا پروگرام)
Kamar Patli Karnay Ki Warzishain Teesra Program