Uff Yeh Kamar Dard - Article No. 1974

Uff Yeh Kamar Dard

اُف․․․یہ کمر درد - تحریر نمبر 1974

کمر درد ایک تکلیف دہ مرض ہے

جمعہ 9 اکتوبر 2020

کمر درد ایک تکلیف دہ مرض ہے ۔اس کی کئی وجوہات ہیں ۔ان میں اکثر وہ لوگ مبتلا ہوتے ہیں جو کام کے دوران احتیاط نہیں کرتے مثلاً کمپیوٹر کے سامنے عام کرسی پر کئی گھنٹوں تک بیٹھے رہنے والے افراد،روزانہ کچن میں مسلسل جھک کر کام کرنے والی خواتین،دفتروں میں کرسی میز پر گھنٹوں کاغذوں سے سر کھپاتے نوجوان،خواتین جو اونچی ایڑی کے جوتے پہن کر پیدل چلتی ہیں،وہ لوگ جو کمر پر زور دیتے ہوئے بھاری بوجھ اٹھاتے ہیں،ایسے لوگ جو حد درجہ زیادہ نرم گدیلے بستروں پر سوتے ہیں․․․․․
ان ممالک میں جہاں افراد کی روز مرہ زندگی میں مشقت کا عنصر غالب ہے وہاں اکثر افراد نوجوانی ہی میں کمر درد میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔
جوں جوں یہ مسئلہ گمبھیر ہو رہا ہے اس کے علاج،تشخیص اور قبل از وقت احتیاطوں پر توجہ بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پچھلے عشرے سے ڈاکٹروں نے اس کی تشخیص اور علاج کی تجاویز کے سلسلے میں جدید انقلابی رویہ اپنایا ہے ۔مغرب میں اب بہت سے لوگ جنہیں اپنا معیار زندگی برقرار رکھنے کے لئے بے انتہا محنت کرنی پڑتی ہے،ایسی تراکیب پر عمل پیرا ہیں جن کے ذریعے کمر درد کے حملے کو قبل از وقت روکا جا سکے کیونکہ اس کے علاج کے لئے کئی دن آرام کرنا پڑتا ہے ۔


کمر درد کے اسباب
اوپر بیان کیے گئے اسباب کے علاوہ مندرجہ ذیل عوامل بھی کمر درد کا سبب بن سکتے ہیں ۔
اچانک حادثے میں لگنے والی شدید ضرب ۔
ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ ۔
جوڑوں کا ورم ۔
سگریٹ یا کسی اور نشے کا کثرت سے استعمال ۔
خوراک کی کمی اور کمزوری ۔
ذہنی دباؤ،پریشانی،تھکن یاکوئی بیماری ۔
موسمی اثرات ۔

امریکن جرنل آف انڈر سٹریل میڈیسن کے مطابق چند پیشے ایسے ہیں جن میں احتیاط سے کام نہ کرنے والے افراد کو کمر درد ہوتا ہے ۔مثلاً مزدور،ترکھان،مکینک،مستری،ٹرک ڈرائیور اور کسان ۔علاوہ ازیں خواتین کے لئے بھی یہ پیشے کمر درد کا باعث بن سکتے ہیں ۔نرس،آیا، ماہر گیسو،ماہر آرائش ۔اس تحقیق کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ لوگوں کو ان پیشوں سے خوفزدہ کیا جائے بلکہ مقصود یہ واضح کرنا ہے کہ درست طریقے سے کام کرنے سے کمر درد کے امکانات میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔
اس کا علاج مساج،سبزی،پھلیوں سے بھی ممکن ہے ۔ذیل میں ہم چند ایسی ترکیبوں اور قدرتی اجزاء کا تذکرہ کر رہے ہیں جن سے مرض میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے ۔
سکائی
ریت یا مٹی کو خوب گرم کرکے کپڑے کی پوٹلی میں باندھ کر درد والے حصے کی چند منٹ تک سکائی کریں ۔
ہلدی
نصف چائے کا چمچ پسی ہوئی ہلدی اور اتنی ہی مقدار میں پسی ہوئی ادرک دو پیالی پانی ڈال کر دس سے پندرہ منٹ تک دھیمی آنچ پر پکائیں ۔
ٹھنڈا کرکے حسب ذائقہ شہد ملا کر دن میں دو مرتبہ پئیں ۔ہلدی کا ایک چھوٹا ٹکڑا پانی میں اچھی طرح بھگو کر پیس لیں،ایک گرام ارنڈ کے پتوں کو پیس کر پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں ۔اب ایک پیالے میں یہ دونوں ڈال دیں ۔اس میں نصف چمچ سمندری نمک ملا کر اس آمیزے کو اچھی طرح ملا کر پیسٹ بنا لیں ۔اس سے کمر کے درد والی جگہ پر آہستہ آہستہ چند منٹوں تک مساج کریں،ایک گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے غسل کر لیں ۔
چائے کا چمچ پسی ہلدی اور ایک چائے کا چمچ شہد ایک گلاس دودھ میں حل کرکے پئیں ۔
کلونجی
نصف چائے کا چمچ کلونجی کا تیل،ایک چائے کا چمچ سرکہ،اور دو چائے کے چمچ شہد ملا کر صبح نہار منہ اور رات کو سونے سے قبل پئیں ۔
ارنڈ کا پتہ
ارنڈ کے پتے کو سرسوں کے تیل میں گرم کرکے ایک کپڑے میں لپیٹ کر کمر کے درد والے حصے پر رات کو سوتے وقت باندھ لیں ۔
صبح نیم گرم پانی سے غسل کر لیں،درد میں افاقہ محسوس ہو گا ۔
نیم کے پتے
دس گرام نیم کے پتے پیس کر نصف پیالی سرسوں یا تل کے تیل میں ملا کر دن میں دو مرتبہ کمر کی مالش کریں،ان شاء اللہ شفاء ہو گی،ہڈیوں کے درد کے لئے بھی فائدہ مند ہے ۔
شلجم
شلجم کو پتوں سمیت پکایا جائے،کیونکہ اس کے پتے پٹھوں کے لئے مفیدہوتے ہیں ۔
شلجم کے پتے 25گرام کاٹ کر ایک گلاس پانی میں رات کو بھگو دیں،صبح نہار منہ ایک چٹکی کالا زیرہ اور ایک چٹکی پسی ادرک یا سونٹھ ملا کر پئیں،کمر کے درد میں افاقہ محسوس کریں گے ۔
انجیر
انجیر کے سات دانے رات کو عرق گلاب میں بھگو کر رکھ دیں ۔نہار منہ انجیر کھا کر عرق پی لیں،چند روز کے استعمال سے کمر کے درد سے نجات مل جاتی ہے ۔

ادرک
ایک ٹکڑا ادرک پیس کر اسے ایک کھانے کے چمچ تل کے تیل میں ملا کر پیسٹ بنا لیں ۔کمر میں درد والے حصے پر اس طرح مالش کریں کہ یہ اچھی طرح جذب ہو جائے ۔ادرک کے چند چھوٹے ٹکڑوں کو باریک کاٹ کر دس سے پندرہ منٹ تک نصف پیالی پانی میں ابالیں ۔جب پانی جل جائے تو ٹکڑوں کو نکال کر ٹھنڈا کرکے پیس لیں ۔انہیں ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر کھائیں،کمر درد کے لئے مفید بتایا جاتا ہے ۔
ادرک والی چائے دن میں دو سے تین مرتبہ پئیں ۔ایک چائے کا چمچ پسی ادرک،آدھا چائے کا چمچ لونگ،آدھ چائے کا چمچ کالی مرچ ایک پیالی پانی میں ڈال کر ابالیں،جب پانی آدھا رہ جائے تو اتار کر ٹھنڈا کرکے پی لیں ۔ادرک کے باریک باریک ٹکڑے کاٹ کر ململ کے کپڑے یا ٹشو پیپر میں لپیٹ کر رات کو کمر کے درد والے حصے پر باندھ لیں،صبح درد میں کافی کمی محسوس ہو گی ۔

تلسی کے پتے
ایک پیالی پانی میں آٹھ سے دس تلسی کے پتے اتنا ابالیں کہ پانی نصف پیالی رہ جائے ۔اسے ٹھنڈا کرکے آدھا چٹکی نمک ملا کر پئیں ۔یہ عمل دن میں دو مرتبہ کرنے سے درد میں افاقہ ہوتا ہے ۔
خشخاش
سو گرام خشخاش اور مصری کو پیس کر سفوف بنا لیں ۔روزانہ دو چائے کے چمچ سفوف ایک گلاس گرم دودھ کے ساتھ کھانے سے مرض میں افاقہ محسوس ہو گا ۔

زیتون کا تیل
ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل گرم کرکے متاثرہ جگہ مالش کریں ۔زیتون کا تیل روزانہ ایک چائے کا چمچ پینے سے درد میں بہتری آتی ہے ۔
لہسن
روزانہ صبح نہار منہ لہسن کے دو سے تین جوے کھائیں ۔لہسن کے تین جوے سرسوں کے تیل میں جلا لیں ۔اس تیل سے درد والے حصے کی مالش کریں ۔تلوں کا تیل ہلکی آنچ پر گرم کریں،اس میں آٹھ سے دس جوے لہسن کے ڈال دیں ۔
جب لہسن خوب سرخ ہو جائیں تو تیل میں کچل کر نتھار لیں ۔ٹھنڈا کرکے مذکورہ تیل سے جسم کی مالش کریں ۔ایک گھنٹے بعد نیم گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال کر غسل کر لیں،درد میں خاصا افاقہ محسوس کریں گے ۔
گندم
رات کو مٹھی بھر گندم ایک گلاس پانی میں بھگو کر رکھ دیں ۔صبح اس میں چند پتیاں ہرا دھنیا ڈال کر ایک پیالی دودھ میں ملا کر چند منٹ تک ابالیں ۔ٹھنڈا کرکے دن میں دو مرتبہ پئیں ۔ایک کلو گندم،پچاس گرام میتھی دانہ،اس کے ہم وزن سونف اور گڑ اور نصف پیالی گھی لیں ۔کڑاہی میں تھوڑا سا پانی،گڑ اور گھی ڈال کر گرم کرکے قوام بنا لیں ۔گندم،میتھی دانہ اور سونف الگ الگ توے پر بھون کر پیس کر سفوف بنا لیں ۔

Browse More Backache