Raat Ke Aadhe Pehar - Article No. 2851

Raat Ke Aadhe Pehar

رات کے آدھے پہر - تحریر نمبر 2851

نزلے زکام، بند ناک، بخار، سر درد یا پھر کھانسی جیسی تکلیف لاحق ہونے پر عموماً رات میں علامات کی شدت بڑھ جاتی ہے

جمعرات 6 جون 2024

کونج حسین
نزلے زکام، بند ناک، بخار، سر درد یا پھر کھانسی جیسی تکلیف لاحق ہونے پر عموماً رات میں علامات کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ایسا کیوں ہوتا ہے؟ تو ہر فرد کے دماغ میں 24 گھنٹوں کی Circadian Rhythm نامی ایک ایسی گھڑی پائی جاتی ہے، جو ماحول میں روشنی کی تبدیلیوں کے مطابق ہمارے ہوشیار یا چست رہنے کے معیار (Alertness) اور نیند کے سائیکل کو منظم رکھتی ہے۔
ہماری Physiology اور رویوں کی تشکیل زمین کی اپنے محور کے گرد گردش سے ہوتی ہے۔جیسے دن و رات کی تبدیلی۔دماغ کو سورج ڈھلنے کے وقت نیند کی تیاری کا اشارہ ملتا ہے۔اس کے ساتھ ہی Circadian Rhythm مدافعتی خلیات کو بھی متحرک کر دیتی ہے، تاکہ وہ زیادہ سرگرم ایکٹیو ہوں۔یہ خلیے ہر رات جسم کے مختلف حصوں میں سرگرم ہوتے ہیں، جن کے نتیجے میں حساس حصوں میں بیکٹیریل یا وائرل حملہ ہوتا ہے اور اسی وجہ سے مدافعتی خلیات جلن اور سوزش کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)


نیز، رات کے وقت سانس کی علامات میں شدت پیدا ہو جاتی ہے۔کورٹیسول ہارمون میں Circadian Rhythm پایا جاتا ہے۔چونکہ صبح میں کورٹیسول کی مقدار زائد ہوتی ہے۔اس لئے دن بھر میں سوزش اور علامات کی شدت میں کمی رہتی ہے۔یہ علامات شام کے وقت دوبارہ ظاہر ہو سکتی ہیں، کیونکہ اس وقت کورٹیسول کی سطح کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔بلغم (Postnasal Drip) گلے کے پچھلے حصے میں گرتا رہتا ہے، وہ دن میں تو کسی طبی تکلیف کا باعث نہیں بنتا، کیونکہ کششِ ثقل بلغم کے اخراج میں معاون ثابت ہوتی ہے، لیکن جب ہم رات میں سونے کے لئے لیٹتے ہیں، تو درست طریقے سے اخراج نہ ہونے کے باعث بلغم جمع ہونا شروع ہو جاتی ہے، جو سانس لینے میں سخت دشواری کا باعث بنتی ہے۔
یوں رات، خصوصاً نیند کی حالت میں گلے کی خراش نظر انداز کرنا بے حد مشکل امر بن جاتا ہے۔رات کے وقت کمرے کا ماحول اور ہوا کا معیار، خاص طور پر خشک ہوا تنفس کے نظام میں خرابی کا سبب بنتے ہیں۔یاد رکھیے، جو کھانسی رات کے آدھے پہر شدت اختیار کرتی ہے، اس کا تعلق الرجی، دمہ یا گیسٹرک ریفلکس سے بھی ہو سکتا ہے۔بعض کیسز میں بلند فشارِ خون کی ادویہ بھی کھانسی کی وجہ بن سکتی ہیں۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ عموماً نزلہ زکام یا کھانسی کی علامات پانچ سے سات دنوں میں رفع ہو جاتی ہیں،لیکن اگر علامات اس سے زائد عرصے تک برقرار رہیں، تو مستند معالج سے رابطہ کر لیا جائے، تاکہ کھانسی زکام کی اصل وجہ تشخیص ہو سکے۔
نزلے، زکام اور فلو سے محفوظ رہنے کے لئے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔جیسے ورزش، بھرپور نیند، متوازن غذا اور ویکسی نیشن وغیرہ۔
اس کے علاوہ دن بھر زیادہ سے زیادہ پانی پینا، نیم گرم پانی سے نہانا، ناک میں نمکین پانی کا اسپرے کرنا اور سونے سے قبل ناک کو Neti Pot سے دھونا بھی بلغم کو پتلا کر سکتا ہے۔مریض زیادہ سے زیادہ آرام کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، تاکہ دیگر افراد متاثر نہ ہوں۔منہ پر ماسک لگائیں،سوپ، ادرک کا قہوہ، شہد، وٹامن سی کا استعمال کریں۔بھاپ بھی اکسیر ثابت ہوتی ہے۔

Browse More Cough And Throat Infection