Kishmish Ka Mashroob Piyen, Tandrust Raheen - Article No. 2809

Kishmish Ka Mashroob Piyen, Tandrust Raheen

کشمش کا مشروب پئیں، تندرست رہیں - تحریر نمبر 2809

کچھ لوگ اسے پانی میں بھگو کر بھی کھاتے ہیں اور یہ طریقہ کشمش کو صحت کے لئے زیادہ فائدہ مند بنا دیتا ہے

ہفتہ 27 جنوری 2024

مصطفے خان
کشمش کو تو آپ نے دیکھا ہی ہو گا جو کہ انگور خشک کر کے بنائی جاتی ہے اور اس کی رنگت گولڈن،سبز یا سیاہ ہو سکتی ہے۔وٹامنز،فائبر اور منرلز سے بھرپور کشمش سب سے زیادہ استعمال ہونے والا میوہ بھی ہے جو کہ کسی سپر فوڈ کی طرح کام کرتی ہے۔کچھ لوگ اسے پانی میں بھگو کر بھی کھاتے ہیں اور یہ طریقہ کشمش کو صحت کے لئے زیادہ فائدہ مند بنا دیتا ہے۔
رات بھر پانی میں بھیگے رہنے سے کشمش کے تمام منرلز اور غذائی اجزاء پانی میں حل ہو جاتے ہیں اور اس میوے کو زیادہ صحت بخش بنا دیتے ہیں۔
کشمش کو رات بھر پانی میں رکھ کر صبح پی لینا جگر اور آنتوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے،اس میں اینٹی آکسائیڈنٹس اور غذائی فائبر اس سلسلے میں مدد دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اینٹی آکسائیڈنٹس جگر کے افعال کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور جسم سے زہریلے مواد کی صفائی کا عمل تیز کرتے ہیں جبکہ فائبر آنتوں کے افعال بہتر کر کے قبض جیسے مسئلے کو دور کرتا ہے۔

یہ مشروب نہار منہ خالی پیٹ پینا اس کے کام کو زیادہ تیز کر دے گا اور پانی میں بھیگی ہوئی کشمش کو کھانا مت بھولیں۔
سائنسدان اور کھیلوں کے ماہرین کا ماننا ہے کہ کشمش انرجی بار کا بہتر متبادل ثابت ہو سکتی ہے،کشمش میں فائبر اور دیگر اجزاء کی بھرمار جبکہ چینی کی جگہ قدرتی مٹھاس ہوتی ہے،کشمش کا پانی نہار منہ صبح پینا دن بھر کے لئے جسم کو توانائی سے بھرپور رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس مشروب کو جسمانی سرگرمیوں سے پہلے بھی پیا جا سکتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ کشمش فائبر،پوٹاشیم،اینٹی آکسائیڈنٹس اور Phytonutrients ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ کشمش پانی کا استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرتا ہے،جس سے خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کشمش فائبر سے بھرپور میوہ ہے اور یہ پانی میں بھگو کر کھانے پر جلاب کی طرح کام کرتا ہے،جس سے قبض سے نجات ملتی ہے اور نظام ہاضمہ درست طریقے سے کام کرتا ہے۔
کشمش قدرتی شکر سے بھرپور ہوتی ہے اور چینی کی طلب کی روک تھام کرتی ہے،مگر اعتدال میں رہ کر کھانا ہی بہتر ہوتا ہے جس سے بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ کھانے کی اشتہا کو قابو کرنے میں مدد ملتی ہے،جس سے جسمانی وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔کشمش میں ہڈیوں کے لئے ضروری جز Boron موجود ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود کیلشیم بھی ہڈیوں کی مضبوطی میں مدد دیتے ہیں،پانی میں بھگو کر کشمش کو کھانے سے یہ اجزاء زیادہ بہتر طریقے سے جسم میں جذب ہوتے ہیں،جس سے ہڈیوں کی کثافت میں بہتری آتی ہے۔

کشمش کی جراثیم کش خصوصیات منہ کی صفائی میں مدد دیتی ہیں اور سانس کی بو کا مسئلہ دور کرتی ہیں۔خون کے سرخ خلیات بننے کے عمل کے لئے آئرن بہت ضروری ہوتا ہے،کشمش آئرن سے بھرپور میوہ ہے،جس کو پانی میں بھگو کر کھانے سے جسم میں خون کی سپلائی بڑھتی ہے اور انیمیا کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat