Papeeta Mazedaar Aur Faiday Mand - Article No. 937

Papeeta Mazedaar Aur Faiday Mand

پپیتا۔ مزے دار اور فائدہ مند - تحریر نمبر 937

بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی پیدا کی کردہ کسی بھی نعمت کی افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ ان نعمتوں میں سے ایک نعمت پپیتا بھی ہے،

منگل 3 مئی 2016

فرحین ریاض:
بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی پیدا کی کردہ کسی بھی نعمت کی افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ ان نعمتوں میں سے ایک نعمت پپیتا بھی ہے، لیکن بہت کم افراد کو معلوم ہے کہ یہ کس قدر مفید، صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ یہ بچوں اور بڑوں کے لیے یکساں مفید ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بوڑھے افراد روٹی کم کھاتے ہیں، ایسے میں اگر وہ پپیتا کھالیں تو ان کو غذائی ضرورت پوری ہوجاتی ہے۔
یہ نرم وملائم اور ذائقے دار پھل ہونے کی وجہ سے بہ آسانی کھالیا جاتا ہے۔ اس کو کھانے سے کمزوری دور ہوجاتی ہے۔
پپیتا ایک قدیم پھل ہے۔ اس کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ یہ جنوبی میکسیکو اور وسطی امریکا سے آیا۔ کولمبس نے بحیرئہ روم کے ایک سفر کے دوران اس بات کو نوٹ کیاتھا کہ یہاں کے مقامی باشندے بہت صحت مند ہیں ۔

(جاری ہے)

اس نے کھوج لگایا تو پتا چلا کہ وہ لوگ گوشت اور مچھلی زیادہ کھاتے تھے، مگر انھیں بدہضمی کی شکایت نہیں ہوتی تھی، اس لیے کہ وہ کھانا کھانے کے بعد تھوڑا سا کچا پپیتا ضرور کھایاکرتے تھے۔


پپیتے کا رس بدہضمی دور کرنے والی ادویہ بنانے میں استعمال کیاجاتا ہے۔ اس کا گودا بہت نرم ہوتا ہے اور آسانی سے کھایاجاسکتا ہے۔ پپیتا معدے میں تیزابیت کی سطح کو متوازن رکھنے کے لیے بہترین پھل ہے۔ یہ غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
پپیتے میں شکر کی مقدار خاصی کم ہوتی ہے۔ وہ لوگ جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہوں یا ذیابیطس کے مریض ہوں، ان کے لیے پپیتا ایک مفید پھل ہے۔
میٹھا کھانے کے شوقین افراد کو پپیتا پھیکا اور بے ذائقہ معلوم ہوتا ہے۔
دوسروں پھلوں کے مقابلے میں پپیتے میں کیروٹین (Carotene) کی مقدار نسبتاََ زیادہ ہوتی ہے، جو جزوبدن ہونے کے بعد حیاتین الف (وٹامن اے) میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ کیروٹین گاجر، چقندر اور سبزپتوں والی سبزیوں وغیرہ میں بھی پائی جاتی ہے۔ یہ ہمارے لیے بہت فائدہ مند ہے ۔ سیب ، آم، کیلا شریفہ اور امرود کے مقابلے میں پپیتے میں زیادہ مقدار میں کیروٹین پائی جاتی ہے۔
اس کے گودے میں حیاتین الف زیادہ، مقدار میں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پپیتے میں کیلسئیم، فولاد، تھیامن (Thiamin رائبوفلاون (Riboflavin) اور نیاسن (Niacin) کی معمولی مقدار بھی پائی جاتی ہے۔ اس میں حرارے(کیلوریز) اور سوڈیئم کم ہوتا ہے، البتہ پوٹاشیم کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔
پپیتا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے۔ اسے پھلوں کی چاٹ اور سلاد میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
اس کا ملک شیک بھی بہت مزے دار بنتا ہے۔ یہ شیک غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ کچا پپیتا سبزی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور گوشت گلانے کے بھی کام آتا ہے۔
تھائی لینڈ کے باشندے اپنے کھانوں میں پپیتا ضرور شامل کرتے ہیں۔
پپیتے کی غذائی اہمیت زیادہ ہے۔ یہ پھل سال بھر دستیاب ہوتا ہے۔ کیلے کے درخت کی طرح پپیتے کے پودے کے بارے میں بھی کہاجاتا ہے کہ اس کا تقریباََ ہر حصہ کارآمد ہوتا ہے۔ علاج معالجے میں اس کی خاصی اہمیت ہے۔ پپیتا اپنی روز مرہ کی غذاؤں میں ضرور شامل کریں۔ یہ ایک صحت بخش پھل ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat