Chukandar - Aik Mufeed Sabzi - Article No. 2713

Chukandar -  Aik Mufeed Sabzi

چقندر ۔ ایک مفید سبزی - تحریر نمبر 2713

قدرت نے اس سبزی میں بے شمار فائدے رکھے ہیں

جمعرات 25 مئی 2023

محمد فاروق دانش
چقندر ایک ایسی سبزی ہے،جس ہانڈی میں ہو،اس کا رنگ ہی سرخ ہو جاتا ہے۔چقندر دراصل ایک جڑ ہے۔جو زیرِ زمین پرورش پاتی ہے۔اس کا رنگ سرخ ہوتا ہے۔پہلے یہ براعظم افریقہ میں تھی،وہاں سے چین میں اُگائی گئی اور وہیں سے یہ سبزی برصغیر کے ملکوں میں آئی۔یورپ میں اسے پھل مانا جاتا ہے۔
قدرت نے اس سبزی میں بے شمار فائدے رکھے ہیں۔
چقندر کے بہت سے طبی فوائد بھی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ایران اور افغانستان کے لوگ چقندر کا رس مشروب کے طور پر پیتے ہیں،جب کہ دیگر ممالک خاص طور پر یورپ میں چقندر کے پتوں سے پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ چقندر سے کھانے کی دیگر اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔یہ ہر لحاظ سے نہایت صحت افزاء سبزی ہے۔چقندر میں پروٹین،حیاتین،نمکیات وغیرہ کثرت سے پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اجزاء جسم کی افزائش کے لئے اہم ہیں۔یہ جسم میں اضافی خون بناتا ہے اور دماغ کی کارکردگی کے لئے بہترین ہے۔ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لئے بھی ضروری ہے،کیونکہ اس میں کیلشیم،فولاد،فاسفورس وغیرہ بھرپور ہوتے ہیں۔
چقندر پیٹ کے امراض کے لئے نہایت مفید ہے،اس کے استعمال سے آنتوں،جگر اور معدے کے امراض کا ازالہ ممکن ہوتا ہے،یہ پیٹ کے السر،معدے اور جگر کے ورم اور پیٹ کے دوسرے مہلک امراض سے بچاتا ہے۔
اسے سلاد کے طور پر کھانے سے ہاضمہ درست رہتا ہے اور قبض کی شکایت نہیں ہوتی۔چقندر پیٹ کے امراض کے علاوہ معیادی بخار،نزلہ زکام،سر درد،گردن،پٹھوں میں درد،اعصابی کمزوری اور جسمانی تھکاوٹ کے لئے بھی نہایت مفید ہے۔چقندر یرقان،خون کے کینسر اور نمونیے میں بھی انتہائی مفید ہے۔خاص طور پر السر میں بہت فائدے مند ہے۔اسے سلاد کے طور پر کچا استعمال کرنا بہتر ہے۔
یورپ میں ہوٹلوں میں اس کے چپس بنائے جاتے ہیں۔اگر روزانہ ایک درمیانہ چقندر اُبال کر کھایا جائے تو چند ہفتوں میں چہرے پر سرخی نظر آنے لگے گی۔
یرقان کے مریضوں کو چقندر کے رس سے تیار کردہ گولیاں بھی کھانے کو دی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ متلی،بدہضمی،گیس،سینے کی جلن،پیچش وغیرہ میں چقندر کے مشروب کے ساتھ،لیموں کا عرق ملا کر پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
چقندر جلدی بیماریوں کے لئے بھی بہترین اور غذائیت سے بھرپور ہے۔
چقندر کا رس ہائی بلڈ پریشر،دل کے امراض میں خون کی بند شریانوں کو کھولنے اور خون کی خرابی دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔جلد کے امراض،خاص طور پر کیل،چھائیوں،مہاسے،پھوڑے پھنسیوں اور دیگر جلدی امراض کے علاج میں نہایت ہی مفید ہے۔اس کا پاؤڈر اور تیل زخموں اور پھوڑے پھنسیوں پر لگایا جائے تو جلد افاقہ ہوتا ہے۔حکماء چقندر کے پھول بھی دوا کے طور پر استعمال کرتے اور کوڑھ کے مرض کے علاج میں بروئے کار لاتے ہیں۔بہتر صحت کے لئے چقندر کے مسلسل استعمال کو ضروری قرار دیا جاتا ہے۔مختصر یہ کہ چقندر کا استعمال نہایت مفید ہے۔اسے غذا اور دوا دونوں طرح سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj