Hum Tomato Kyun Khayen - Article No. 2832

Hum Tomato Kyun Khayen

ہم ٹماٹر کیوں کھائیں - تحریر نمبر 2832

ٹماٹر ایک رس دار پھل ہے، جو اپنی سرخی اور چمک کی بنا پر خوشنما لگتا ہے

پیر 1 اپریل 2024

ڈاکٹر سمیعہ کے۔بابر
ٹماٹر ایک رس دار پھل ہے، جو اپنی سرخی اور چمک کی بنا پر خوشنما لگتا ہے۔آپ ٹماٹر کیوں کھائیں؟ اس کی ہم چار وجوہ بتاتے ہیں۔
سرطان کا ازالہ کرتا ہے
ٹماٹر کا اہم جزو لائکوپین (Lycopene) ہے، جو سرطان سے بچاتا ہے۔اگر ٹماٹر کو شاخِ گوبھی (Broccoli) کے ساتھ ملا کر کھایا جائے تو اس سے سرطان ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
جسم پر زیادہ دھوپ پڑنے سے خواتین کو جلدی سرطان ہو جاتا ہے۔اگر آپ پابندی سے ٹماٹر کھائیں تو سرطان سے بچا جا سکتا ہے، کیونکہ اس میں موجود لائکوپین سے سورج کی شعاعوں کے بالائے بنفشی اثرات کم ہو جاتے ہیں۔
مزمن بیماریوں پر قابو پاتا ہے
ٹماٹر میں کرومیئم بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ خون میں شامل شکر کی سطح کو معمول پر رکھتا اور ذیابیطس میں کھائی جانے والی ادویہ کی کارکردگی بڑھاتا ہے۔

اگر آپ کے جوڑ سخت ہونے لگیں تو آپ کو پابندی سے ٹماٹر کھانا چاہیے،اس لئے کہ ٹماٹر ورم اور سوزش کے اثرات کو کم کرتا ہے۔چنانچہ ٹماٹر کھانے سے جوڑوں کی سختی کم اور اعصابی تھکن دور ہو جاتی ہے۔
دل،دماغ اور ہڈیوں کے لئے فائدے مند
ٹماٹر میں پوٹاشیئم پایا جاتا ہے۔اگر آپ ٹماٹر پکا کر کھائیں تو آپ کی دماغی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
اس میں سوڈیم، سیر شدہ چکنائی اور کولیسٹرول کی تھوڑی سی مقدار ہوتی ہے۔اگر آپ کو دل کی بیماریاں لاحق ہیں تو ٹماٹر ضرور کھائیں۔آپ کی عمر 35 برس سے زیادہ ہو چکی ہو تو روزانہ ٹماٹر کا ایک گلاس رس پینا چاہیے، اس لئے کہ ٹماٹر میں شامل حیاتین ”کے“ (وٹامن کے) اور کیلشیم آپ کی ہڈیوں کو مضبوط رکھتا ہے۔
بینائی بڑھاتا اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے
ٹماٹر میں حیاتین الف (وٹامن اے) بھی پائی جاتی ہے، اس لئے یہ بینائی کو تیز کرتا ہے اور جسم کے آزاد اصلیوں (Free Radicals) کو ختم اور خلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کو درست کرتا ہے۔
ٹماٹر میں ریشے اور پانی کی مناسب مقدار ہوتی ہے، اس لئے یہ نظام ہضم و جذب کو بہتر بناتا ہے اور اسے کھا کر آپ اپنا پیٹ پوری طرح سے بھرا ہوا محسوس کرتے ہیں۔اگر آپ کے گردوں میں پتھری ہو تو ٹماٹر کم مقدار میں کھائیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj