Kiwi - Ghizaiyat Aur Afadiyat Se Malamaal Fruit - Article No. 2819

Kiwi - Ghizaiyat Aur Afadiyat Se Malamaal Fruit

کیوی ۔ غذائیت اور افادیت سے مالامال فروٹ - تحریر نمبر 2819

مزاج میں بہتری کے لئے انتہائی موٴثر قرار

ہفتہ 24 فروری 2024

ہماء بلوچ
چیکو سے ملتا جلتا باہر سے خاکی اور اندر سے تر و تازہ سبز رنگ کے گودے پر مشتمل رسیلا اور لذیذ ”کیوی پھل“ جو نہ صرف فروٹ سیلڈز کو آنکھوں کے لئے خوشنما بناتا ہے بلکہ کئی فوائد کا حامل ہے۔ذائقے میں ہلکا ترش چینی خطے سے تعلق رکھنے والا قدیم زمانے سے اپنے اندر موجود غذائیت کے اعتبار سے مفید مانا جاتا ہے جو مغربی ممالک میں تو میٹھے کھانوں میں طویل عرصے سے استعمال ہو رہا ہے اب باآسانی پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔
یہاں ہم کیوی پھل کے چند فوائد کا ذکر کر رہے ہیں جنہیں پڑھ کر آپ بھی اس پھل کے گرویدہ ہو جائیں گے۔
وٹامن سی سے بھرپور
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ صرف لیموں اور مالٹے جیسے ترش پھل ہی وٹامن سی کا خزانہ ہیں تو آپ غلط ہیں،کیوی پھل کی 100 گرام مقدار میں ایک سو 54 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے جو ترش پھلوں کے مقابلے دگنا ہے۔

(جاری ہے)


بے خوابی سے نجات
تائی پے میڈیکل یونیورسٹی کی مختلف تحقیقات کے مطابق کیوی پھل میں ایسے اجزاء موجود ہیں جو بے خوابی کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں اس کے لئے سونے سے ایک گھنٹہ قبل 2 کیوی پھل کھانا مفید ثابت ہوتا ہے۔


غذائی ریشہ کے بہترین ذریعہ
یہ مزیدار پھل غذائی ریشے سے بھرپور ہے جو متعدد بیماریاں روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔لیڈیز یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق غذائی ریشوں سے بھرپور خوراک کھانے سے امراضِ قلب شریانوں کے مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ اس سے بلڈ پریشر،بلڈ شوگر اور کولیسٹرول بھی کم ہوتا ہے اس کے ساتھ یہ وزن کم کرنے کے لئے بھی مفید ہے۔

نظام ہضم کی بہتری
کیوی پھل میں ایکٹینڈین نامی جز پایا جاتا ہے جس میں پروٹین ہضم کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے چنانچہ یہ آنتوں کے مرض میں مبتلا افراد کو خاصہ آرام پہنچاتا ہے۔
وٹامنز اور منرلز کا خزانہ
کیوی پھل میں وٹامن اے،بی 6،بی 12،ای کے ساتھ پوٹاشیم،کیلشیم،آئرن،میگنیشیم کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم کے افعال درست رکھتے ہیں جس میں خون کی روانی،آئرن جذب کرنے کی صلاحیت مضبوط ہڈیاں اور دانت،بہترین بصارت اور تناؤ سے نکلنے کی صلاحیت شامل ہے۔

تر و تازہ جلد
کیوی پھل میں الکلی کی خاصیتیں موجود ہیں جو تیزابی کھانوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے اس سے نہ صرف آپ بھرپور متحرک اور توانا رہیں گے بلکہ آپ کی جلد میں چمکتی دمکتی اور تر و تازہ رہے گی۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جلد کو خراب ہونے سے بچاتے ہیں بہتر نتائج کے لئے کیوی پھل کے گودے کو چہرے پر ملنا بھی فائدہ مند ہے۔حالیہ ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کیوی پھل کھانے سے چار دنوں کے اندر مزاج میں بہتری پیدا ہو سکتی ہے۔برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کیوی کے سبب طبیعت اور مزاج میں 4 روز کے اندر بہتری دیکھی گئی اور یہ اثر 14 سے 16 روز کے درمیان اپنے کمال کو پہنچا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj