Zaitoon Ke Istemal Se Dard Gayab - Article No. 2828

Zaitoon Ke Istemal Se Dard Gayab

زیتون کے استعمال سے درد غائب - تحریر نمبر 2828

زیتون کے تیل میں موجود ایک کیمیائی مادہ درد کی شدت کم کرنے والی دواؤں جیسا اثر رکھتا ہے

بدھ 20 مارچ 2024

امریکہ میں کی جانے والی ایک تحقیق سے سامنے آیا ہے کہ زیتون کے تیل میں موجود ایک کیمیائی مادہ درد کی شدت کم کرنے والی دواؤں جیسا اثر رکھتا ہے۔تحقیق دانوں کے مطابق پچاس گرام زیتون کا تیل بروفن کی ایک خوراک کے دسویں حصے کے برابر اثر پذیر ہے۔فلاڈیلفیا کے ایک تحقیقی ادارے کا کہنا ہے کہ زیتون کے تیل کا فائدہ یہ ہے کہ سوز و سوجن ختم کرتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس جزو کے اثر سے سر درد جیسے امراض پر مکمل طور پر قابو تو نہیں پایا جا سکتا تاہم اس سے بحیرہ روم کے علاقے کی خوراک کی افادیت ضرور ظاہر ہوتی ہے۔زیتون کا تیل بحیرہ روم کے علاقے کی خوراک کا لازمی جزو ہے اور اسے صحت کے لئے مفید تصور کیا جاتا رہا ہے۔تحقیق کے مطابق زیتون کے استعمال سے جسم میں دل کی بیماریوں‘چھاتی کے سرطان اور پھیپھڑوں کے کینسر جیسی موذی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


زیتون کی اس خاصیت کے بارے میں تحقیق کاروں نے اس وقت غور کیا جب ٹیم کے ایک رکن نے محسوس کیا کہ تازہ زیتون کھانے سے گلے میں ویسی ہی خراش ہوتی ہے جیسا کہ بروفن کھانے سے۔برٹش نیوٹریشن فاؤنڈیشن سے تعلق رکھنے والی سائنس دان کلیئر ولیمسن کا کہنا تھا کہ ”زیتون میں متعدد بائیو ایکٹو مرکبات پائے جاتے ہیں تاہم ہم ابھی مکمل طور پر یہ نہیں جانتے کہ وہ کیا کام کرتے ہیں۔“ان کا کہنا تھا کہ ”ہمیں یقین ہے زیتون اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہے لیکن یہ کہنا قبل ازوقت ہو گا کہ وہ ایک دوا کا نعم البدل ہے۔اس معاملے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔“

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj