فلپائن : پھُول بیچنے والی حسینہ راتو رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی

ویرونیکا سوشل میڈیا پر اپنے معصوم چہرے اور دُبلے پتلے جسم کے باعث مقبول ہو چُکی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 جنوری 2019 17:33

فلپائن : پھُول بیچنے والی حسینہ راتو رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی
منیلا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری 2019ء) فلپائن کی سڑکوں پر گھُوم پھر کر پھُول بیچنے والی معصوم اور دلکش چہرے کی مالک ویرونیکا روڈیلاس کو کیا معلوم تھا کہ اُسے راتو رات اتنی شہرت مِل جائے گی جس کا اُس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہو گا۔ 20 سالہ ویرونیکا ایک غریب گھرانے کی لڑکی ہے جس نے کوئی ڈھنگ کی ملازمت نہ ملنے پر گُزر بسر کے لیے اپنی ماں کے ساتھ پھُولوں کی فروخت میں ہی بھلائی جانی۔

اس گُل فروش نازک اندام لڑکی کی منیلا کی سڑکوں پر پھُول بیچنے تصویریں دُنیا بھر میں اتنی ہی وائرل ہوچکی ہیں جتنی کہ پاکستان کے چائے فروش ارشد خان کی ہوئی تھیں۔ آج ویرونیکا کی کی شہرت کا یہ عالم ہے کہ فلپائن کے چینلز کی جانب سے اُس کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں۔سب سے پہلے ویرونیکا کی تصویریں ’انگ ڈائری نگ بابی‘ (ایک خاتون کی ڈائری) کے نام سے بنے فیس بُک پیج پر شیئر کی گئیں۔

(جاری ہے)

ویرونیکا روڈیلاس کو ’سیمپاگویٹا گرل‘ کا ٹائٹل دیا گیا ہے جو کہ انڈونیشیا اور فلپائن کا قومی پھول بھی ہے۔ تب سے دُنیا بھر کے ہزاروں نوجوان اُس کی معصومیت ، سادگی اور سمارٹنس کے دِلدادہ ہو گئے ہیں۔ اس سادہ مزاج لڑکی کی دُنیا بھر میں شہرت ہونے کے بعد راہگیر اُسے روک روک کر اُس کے ساتھ یوں اپنی سیلفیاں بناتے ہیں جیسے وہ کوئی گُل فروش نہیں بلکہ کوئی بین الاقوامی شہرت کی حامل سیلبریٹی ہے۔

حسین چہرے اور دُبلے پتلے جسم کی حامل حسینہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر شہرت پانے کے بعد اب ہر کوئی منیلا کے علاقے کُوئی آپو میں اُس کے ساتھ سیلفی لینے کی درخواست کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ویرونیکا اپنی ماں کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے پھُول فروخت کر رہی ہے۔ویرونیکا نے بتایا کہ جب میری بلیو جینز اور لائٹ پِنک کلر کی ٹی شرٹ میں پھول بیچنے کی تصویر وائرل ہوئی تو مجھے اس سب پر یقین نہ آیا۔

جب لوگ میرے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں تو خوشی کے ساتھ ساتھ حیرانی بھی ہوتی ہے کہ میں کوئی مشہور شخصیت تو ہوں نہیں، پھر بھی لوگوں کا میری طرف متوجہ ہونا یقیناًاچنبھے کی بات ہے۔اپنے بے پناہ حُسن اور جسمانی دلکشی کے باوجود ویرونیکا کو سیلبریٹی بننے کا کوئی شوق نہیں ہے۔ انٹرویو کے دوران جب ویرونیکا سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنے آپ کو ایک ایکٹریس یا ماڈل کے طور پر اپنا آپ منوانا چاہتی ہے تو اُس کا جواب تھا ’’میں تو محض اپنی بُوڑھی ماں کا ساتھ دینے کی خاطر پھُول بیچنے لگی اور مجھے اس کام میں قطعاً کوئی عار محسوس نہیں ہوتی۔

‘‘ ویرونیکا کالج کے چوتھے سال کی طالبہ ہے۔ جب بھی اُس کی کلاسز آف ہوتی ہیں تو وہ وہ اپنے ماں کے ساتھ کُوئی آپو چرچ کے باہر پھُول بیچنے کو آن پہنچتی ہے۔ ویرونیکا کے مطابق وہ بہت کم عمری سے اپنی والدہ کے ساتھ پھُول بیچ رہی ہے۔ اب ہر کوئی اُس کے پاس سے گزرتے ہوئے اُسے تعریفی نظروں سے دیکھ کر گزرتا ہے یا پھر اُس کے ساتھ تصویر کھنچوانے کو اپنی خوش بختی سمجھتا ہے۔

سادہ مزاج ویرونیکا کو ان دونوں باتوں پر قطعاً کوئی اعتراض نہیں ہوتا وہ بڑے ہنس مُکھ چہرے کے ساتھ اُن کی سیلفی کی فرمائش پُوری کر دیتی ہے۔ اس سے قبل 2016ء میں خیبرپختونخواہ کا چائے فروش ارشد خان اپنی مردانہ دلکشی اور بے پناہ حسین آنکھوں کے باعث سوشل میڈیا پر چھا گیا تھا۔ یہاں تک کہ بعد میں اُسے ایک کمرشل اور ایک میوزک ویڈیو میں بھی کاسٹ کیا گیا اور پھر ایک برائیڈل فیشن شو میں بھی وہ ریمپ پر اپنے مخصوص سادہ انداز میں واک کرتا دکھائی دیا۔ ارشد خان کو لندن کے معروف جریدے ایسٹرین آئی کی جانب سے ایشیا کے پُرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

منیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں