ریاض: غیر مُلکی ورکرز کے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا

جوازات کے مطابق تمام غیر مُلکیوں کے لیے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن لازمی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 اکتوبر 2018 13:28

ریاض: غیر مُلکی ورکرز کے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس (جوازات) نے تمام غیر مُلکیوں کو تاکید کی ہے کہ جن لوگوں نے ابھی تک اپنا بائیو میٹرک ریکارڈ درج نہیں کروایا ، وہ فوری طور پر جوازات کے دفاتر کا رُخ کریں اور اپنے فنگر پرنٹس ریکارڈ کروائیں۔ اس مقصد کے لیے اُنہیں اپنے زیر کفالت ایسے افراد کو بھی ساتھ لانا ہو گا جن کی عمریں چھ سال سے زائد ہیں۔

تاکہ اُن کا بھی جوازات کے سسٹم میں اندراج ہو سکے۔ محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے جوازات کے الیکٹرنک سسٹم میں اپنا بائیو میٹرک طریقے سے اندراج نہیں کروایا اُن کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ فنگر پرنٹس کی عدم موجودگی کی صورت میں وہ جوازات کے کمپیوٹر سسٹم کی مدد سے رقم کی منتقلی یا دیگر سرگرمیاں سرانجام نہیں دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کے لیے تمام علاقوں اور صوبوں میں مختلف مقامات مختص کیے گئے ہیں۔ ان مقامات پر رجسٹریشن کے لیے ضروری آلات و مشینری اور ماہر سٹاف کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کے خواہش مند غیر مُلکی اگر اپنے قریبی جوازات سنٹر کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ جوازات کی ویب سائٹ www.gdp.gov.sa پر کلِک کریں اور وہاں سے مطلوبہ معلومات حاصل کر لیں۔

اس کے علاوہ جوازات کی جانب سے ایک ای میل ایڈریس (gdp.gov.sa992) بھی فراہم کیاگیا ہے جہاں پر لوگ اپنے سوالات اور تجاویز محکمے کو بھیج سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت لاکھوں افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، ایسے افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی غرض سے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کا کام کیا جا رہا ہے تاکہ مملکت سے غیر قانونی افراد کو بے دخلی کی مہم پہلے کی نسبت مؤثر طریقے سے کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں