ریاض:گھروں میں گھُس کر لوٹ مار کرنے والا پاکستانی گروہ گرفتار

9 پاکستانیوں پر مشتمل گروہ پولیس اہلکاروں کا رُوپ دھار کر وارداتیں کرتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 6 نومبر 2018 12:22

ریاض:گھروں میں گھُس کر لوٹ مار کرنے والا پاکستانی گروہ گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 نومبر2018ء) ریاض پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 9 پاکستانی افراد پر مشتمل جرائم پیشہ گروہ گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گروہ پولیس اہلکاروں کی وردیاں پہن کر لوگوں کو دھوکا دے کر گھروں میں گھُس جاتا اور لُوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو جاتا۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پولیس کو متعدد رپورٹس موصول ہوئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ کچھ لوگ جنہوں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی ہوتی ہیں، گھر کا دروازہ کھُلواتے ہیں اور پھر اندر داخل ہو کر گھر والوں کے ہاتھ پیر باندھ دیتے ہیں، اور پھر گھر میں موجود نقد رقم اور دُوسرا قیمتی سامان لُوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔

اگر کوئی شخص اپنے گھر کے قیمتی سامان اور رقم وغیرہ کے بارے میں چُوں چرا کرے تو پھر یہ لوگ اُسے مار پیٹ کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں کی وردی میں ملبوس ہونے کے باعث لوگ ان پر اعتبار کر کے دروازہ کھول دیتے ہیں، اور پھر ان کی لوٹ مار شروع ہو جاتی ہے۔ ملزمان اپنی وارداتیں بڑی ہوشیار سے انجام دیتے، جس کے باعث پولیس کو ابتداء میں ان کے بارے میں کوئی ٹھوس شواہد ہاتھ نہ لگ سکے۔

تاہم پولیس نے اس ڈکیت گینگ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی۔ ان کے حلیے اور قد کاٹھ کے حوالے سے معلومات جمع کی گئیں، اور آخر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ان ملزمان نے ابتداء میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔ مزید تفتیش کے بعد انہوں نے ڈکیتی کی 10 وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ جس کے بعد انہیں عدالتی کارروائی کے سلسلے میں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مملکت میں جرائم پیشہ افراد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ مُلکی ہو یا غیر مُلکی، جُرم کا ارتکاب کرنے کی صورت میں زیادہ دیر تک قانون سے بچ نہیں سکتا۔ ایسے افراد کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں تاکہ مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد کی حوصلہ شکنی ہو۔ اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں