دُبئی:بھارتی دُکاندار سے رقم لُوٹنے والے پانچ پاکستانی پکڑے گئے

ملزمان نے متاثرہ شخص کو مار پیٹ کے بعد چھُرا بھی گھونپا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 8 نومبر 2018 12:52

دُبئی:بھارتی دُکاندار سے رقم لُوٹنے والے پانچ پاکستانی پکڑے گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 نومبر2018ء) پولیس نے ایک ریڑھی والے کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے، اُسے چھُرا گھونپنے اور پھر گیارہ ہزار درہم کی رقم اور سامان لُوٹنے کے الزام میں پانچ پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ اگست 2016ء میں پیش آیا تھا، جب ایک بھارتی دُکاندارنے المظہر کے علاقے میں واقع اپنا جنرل سٹور صبح کے وقت کھولا۔ تو تھوڑی دیر بعد تین پاکستانی دُکان میں داخل ہوئے، وہاں سے مشروبات خریدے اور چلے گئے۔

تاہم تھوڑی دیر بعد وہ پھر واپس آئے۔ انہوں نے دُکاندار کو مارا پیٹا، اور پھر دُکان میں موجود ساڑھے چھ ہزار درہم کی نقد رقم کے علاوہ موبائل کارڈز اور دو موبائل فون لُوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جب دُکاندار نے فرار ہوتے ملزمان کے سامنے پولیس کو مدد کے لیے کال کرنا چاہی تو اُنہوں نے ایک بار پھر اُس کی مار پیٹ کی اور اُس کے ہاتھ میں چاقو گھونپ دیا۔

(جاری ہے)

زخمی دُکاندار نے اس واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔ جس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث تینوں پاکستانیوں کے علاوہ اُن کے دو ہم وطنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے اس نوعیت کی ایک واردات رشیدیہ کے علاقے میں بھی کی تھی۔دونوں وارداتوں میں تین افراد نے دُکان کے اندر داخل ہو کر لُوٹ مار کی ، جبکہ دو ساتھی باہر کھڑے ہو کر دھیان رکھتے رہے۔

پولیس کے مطابق ان ملزمان کی عمریں 28سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ ان کا چھٹا ساتھی بھی ایک کلرک ہے جس نے لُوٹا گیا مال اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔ ملزمان نے عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات درست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں پولیس نے جھوٹے کیس میں پھنسایا ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ 14 نومبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں