Asaal Khoobsoorti - Last Qist - Article No. 1870

Asaal Khoobsoorti - Last Qist

اصل خوبصورتی۔آخری قسط - تحریر نمبر 1870

کریم لگانے سے تو مجھے رنگ گورا ہونے کا فائدہ ہو رہا ہے اور آپ الٹا نقصان کا کہہ رہی ہیں

منگل 12 جنوری 2021

شاہ بہرام انصاری
”انہوں نے اس کے گالوں پر ہاتھ لگاتے ہوئے پوچھا۔“ہیں امی!کریم لگانے سے تو مجھے رنگ گورا ہونے کا فائدہ ہو رہا ہے اور آپ الٹا نقصان کا کہہ رہی ہیں۔”زارا حیرانی سے بولی تو امی اسے سمجھانے لگیں:”میری بیٹی!کہتے ہیں نا ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی۔اسی طرح کریم کے چند روز استعمال سے تمہیں اس کے جو فوائد نظر آرہے ہیں،کچھ عرصے بعد یہی نقصان دکھائی دیں گے۔
جتنے دن تم اسے چہرے اور ہاتھوں پر لگاتی رہو گی،وہ صاف و سفید رہیں گے اور جب اس کے استعمال میں ناغہ ہو گا تو وہ تمہاری اصل رنگت کے برابر بھی نہیں اچھے لگیں گے۔
چہرے کے موجودہ رنگ کو برقرار رکھنے کے لئے تمہیں کریم کے استعمال کو اپنی عادت بنانا پڑے گا اور اسے ہر روز مستقل لگانا ہو گا۔

(جاری ہے)

اگر تم نے اس کا باقاعدگی سے استعمال جاری نہ رکھا تو جلد دوبارہ پہلے جیسی ہو جائے گی۔

“کریم کی ڈبی پر پانچ دن کے اندر نکھار والے الفاظ اسے امی کی باتیں ہضم نہیں ہونے دے رہے تھے لہٰذا وہ گڑبڑاتے لہجے میں پوچھنے لگی:”مگر امی!کریم کے اندر بڑی سی پرچی بھی ہے جس پر لکھا ہے کہ چند دن کے استعمال سے ہی چہرہ ہمیشہ کی طرح صاف اور چمکدار ہو جائے گا۔“اس کی بات پہ وہ مسکراتے ہوئے بولیں:”بیٹی!تم خود سوچو کیا ایسا ممکن ہے اور یہی نہیں ،ان گندی کریموں کے استعمال کے اور بھی بہت سارے نقصان ہیں۔
سب سے پہلے انہیں خریدنے میں تمہارے ڈھیر سارے پیسے خرچ ہوں گے۔
اس کے بعد ظاہر ہے جب کریم لگانے سے تمہاری رنگت میں تبدیلی آئے گی تو دیکھنے والا ہر کوئی سمجھ جائے گا کہ تم کچھ استعمال کر رہی ہو اور تم سے اس کے بارے میں پوچھے گا۔“زارا حیرت سے آنکھیں پھیلائے یہ سب باتیں سن رہی تھیں۔”امی!کیا واقعی ایک کریم لگانے کے اتنے سارے نقصانات برداشت کرنے ہوں گے؟“
امی اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بولیں:”جی بیٹی جی!اور اس کا سب سے بڑا نقصان تمہاری جلد کو ہو گا۔
تمہیں پتہ ہے ہر 28 دن بعد ہماری جلد دوبارہ بنتی ہے مگر یہ عمل اتنا سست ہوتا ہے کہ ہمیں محسوس ہی نہیں ہوتا۔اگر تم اپنی جلد کے قدرتی عمل اور رنگ کو ان بازاری کریموں سے نقصان پہنچاؤ گی تو زیادہ عرصے کے استعمال کے بعد تمہارا چہرہ خراب ہو جائے گا پھر وہ اپنی اصل رنگت اور لچک بھی کھو بیٹھے گا۔کریم لگانے سے تمہیں اپنے چہرے پہ جو سرخی دکھائی دے رہی ہے،دراصل یہ جلد پتلی ہو رہی ہوتی ہے۔
ان تمام نقصانات کے علاوہ سب سے بڑی بات یہ کہ تم خود اپنے آپ سے مطمئن نہیں ہو گی یعنی تمہیں ہر وقت یہ احساس رہے گا کہ تمہارا یہ صاف اور گورا چہرہ قدرتی طور پر خوبصورت نہیں بلکہ ان کریموں کے استعمال کی بدولت ہے اور لوگ تمہاری ذاتی شخصیت کی نہیں ان کریموں کے کمال کی ہی تعریف کر رہے ہیں۔
بس بیٹی!تم ظاہری خوبصورتی کی بجائے اپنے اندر کی خوبصورتی کی چاہ کرو۔
اپنی خود اعتمادی،صلاحیتوں اور اچھے اخلاق و رویے سے لوگوں کو متاثر کرو اور ان کے دل جیتو۔تم نے سنا ہو گا کہ خوبصورتی تو ختم ہو جاتی ہے لیکن خوب سیرتی قبر تک جاتی ہے۔بس تم بھی صورت کی بجائے سیرت کو ترجیح دو۔چہرے اور جلد کی حفاظت کے لئے ضروری ہے کہ ہم باقاعدگی سے نہائیں اور پورے جسم کی صفائی کا خاص خیال رکھیں،یہی اصل خوبصورتی ہے۔اپنی جلد کو تم جتنا سادہ رکھو گی،وہ بڑھاپے تک اتنی ہی تروتازہ اور نرم و ملائم رہے گی پھر بھی میں تمہیں چند بے ضرر سادہ گھریلو ٹوٹکے بتاؤں گی جن میں صرف قدرتی اجزاء شامل ہوں گے۔
اس سے تمہارا چہرہ روزمرہ کی گرد و غبار سے محفوظ رہے گا۔اس کے برعکس کریموں سے تمہارے چہرے پر دانے نکل آئیں گے جو بعد میں نشان چھوڑ جائیں گے۔پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرو اور تمام نمازیں پڑھو۔پانچ بار وضو کرنے سے تمہارا چہرہ خود بخود نکھر جائے گا۔اس کے ساتھ تمہیں اپنی خوراک کے لئے بھی صحت بخش غذائی اشیاء کا انتخاب کرنا ہو گا۔
درحقیقت چہرے کی خوبصورتی اور جسم کی صحت مندی بھی اچھی خوراک اور ورزش کی مرہون منت ہے۔“
امی کی باتیں غور سے سن کر زارا کہنے لگی:”امی!میں وعدہ کرتی ہوں کہ اب سے جلد کی خوبصورتی اور حفاظت کے لئے معیاری غذا،روزانہ کی ورزش،گھریلو نسخوں اور صفائی کو اپنا معمول بناؤں گی۔“امی اس کی سمجھداری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بولیں:”شاباش بیٹی!اور اس کے ساتھ اپنے ذہن کو پریشانی اور فضول سوچوں سے دور رکھو تاکہ تم پوری طرح تازہ دم نظر آؤ۔

Browse More Moral Stories