Khargosh Ki Chalaki - Article No. 2024

Khargosh Ki Chalaki

خرگوش کی چالاکی - تحریر نمبر 2024

خرگوش جنگل کے درمیان سے تیزی سے بھاگتا لومڑ سے پہلے اس کے گھر پہنچا اور اس کے باغ کے سارے پھول توڑ کر زمین پر پھینک دیے اور خود گھر کے دروازے کے قریب ایک جگہ چھپ کر بیٹھ گیا

بدھ 28 جولائی 2021

عائشہ صدیقہ
کسی جگہ شرارتی خرگوش رہتا تھا جس کی ذہانت سے لومڑ جیسا چالاک جانور بھی اکثر مات کھاتا تھا۔اسے خرگوش پر بہت غصہ آتا تھا،اسی لیے وہ اسے اور اس کے دوستوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہتا تھا۔ایک دفعہ لومڑ بڑا سا بیگ کندھے پر ڈالے تیزی سے چلا جا رہا تھا۔ بیگ سے کسی کے چیخنے چلانے کی آواز آرہی تھی جس سے خرگوش کو اندازہ ہوا کہ اس میں اس کا دوست کچھوا قید ہے۔
اب اسے اپنے دوست کو بچانے کی فکر لاحق ہوئی۔
خرگوش جنگل کے درمیان سے تیزی سے بھاگتا لومڑ سے پہلے اس کے گھر پہنچا اور اس کے باغ کے سارے پھول توڑ کر زمین پر پھینک دیے اور خود گھر کے دروازے کے قریب ایک جگہ چھپ کر بیٹھ گیا۔جونہی لومڑ کندھے پر بیگ لیے گھر پہنچا تو خرگوش نے آواز بدل کر سرگوشی کی ”اے لومڑ تمہیں بیگ یہاں رکھ کر فوراً باغ جانا چاہیے،کسی نے تمہارے باغ کے خوبصورت پھول توڑ کر برباد کر دیے ہیں“۔

(جاری ہے)


یہ سنتے ہی لومڑ کو غصہ آگیا۔اس نے بیگ زمین پر رکھا،چھڑی اُٹھائی اور باغ کی طرف بھاگا۔خرگوش نے جلدی سے بیگ کھول کر اپنے دوست کچھوے کو آزاد کیا اور اس کی جگہ شہد کی مکھیوں کا چھتّہ ڈال کر دروازے کے پاس رکھ دیا تاکہ لومڑ کو سزا مل سکے۔لومڑ نے دیکھا کہ باغ میں پھول بکھرے تھے پر کوئی موجود نہیں تھا تو اسے شک ہوا کہ یہ خرگوش کی حرکت تھی،جس نے اس کے باغیچے کا ستیاناس کر دیا تھا۔

وہ واپس آیا اور بیگ اُٹھا کر اندر لے گیا۔جونہی اس نے بیگ کھولا تو شہد کی مکھیوں نے اس پر حملہ کر دیا اور وہ جان بچانے کے لئے دوڑنے لگا۔اس سے ہم نے یہ سبق سیکھا کہ جو دوسروں کا بُرا چاہتے ہیں ان کے ساتھ بھی بُرا ہوتا ہے اور اچھے دوست مشکل وقت میں ہمیشہ کام آتے ہیں اس لئے دوست بنانے کی کوشش زیادہ کرنی چاہیے۔

Browse More Moral Stories