کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد نے سیشن فال 2018ء کیلئے خصوصی سکالر شپ کا اعلان کر دیا

بدھ 18 جولائی 2018 16:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد نے سیشن فال2018ء کیلئے خصوصی سکالر شپ کا اعلان کیا ہے۔ ان سکالر شپس کا اطلاق فال 2018ء میں نئے داخلہ لینے والے طلبہ پر ہو گا۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے ملک بھر کے مختلف شہروں میں 7 کیمپسز ہیں تاہم ’’کامسیٹس ایبٹ آباد میرٹ سپیشل سکالرشپ‘‘ سے خاص طور پر صرف ایبٹ آباد کیمپس میں داخلہ لینے والے طلبہ ہی استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

اس سلسلہ میں ڈائریکٹر کامسیٹس ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ارشد پرویز نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کامسیٹس ایبٹ آباد نے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور علاقہ بھر کے تمام طلبہ کو تعلیم کے بہترین مواقع تک رسائی کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے، ان سکالر شپ سے اب قابل طلبہ محض مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں زیر تعلیم بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے 20 سے زائد مختلف نوعیت کے سکالرشپ دستیاب ہیں جن سے کم وسائل کے حامل ہونہار طلبہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کامسیٹس یونیورسٹی ملک بھر کی جامعات میں نمایاں مقام کی حامل بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی ہے، اس وقت ایبٹ آباد کیمپس میں 200 سے زائد پی ایچ ڈی پروفیسرز اور دیگر اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملہ سرگرم عمل ہے۔

کامسیٹس ایبٹ آباد میں وسیع کتب کی حامل عالیشان لائبریری اور عالمی معیار کی ریسرچ اور دوسری لیبارٹریز ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں اس وقت تقریباً چھ ہزار کے قریب طلبہ بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے مختلف پروگراموں میں زیر تعلیم ہیں۔ سیشن فال 2018ء میں داخلوں کیلئے خصوصی سکالرشپ میں درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 24 جولائی 2018ء اور ٹیسٹ 5 اگست 2018ء کو ہو گا، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سنہری موقع سے فائدہ اُٹھانے کیلئے بروقت داخلہ فارم جمع کروائیں۔ داخلہ فارم انٹر نیٹ کے ذریعہ ہر جگہ سے مکمل کئے جا سکتے ہیں۔ اس سکالر شپ کے حصول کیلئے ایڈمیشن فارم اس لنک www.admissions.comsats.edu.pk پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں