ادارہ تدریس القران (یتیم خانہ) 70 سال سے حکومتی امداد کے بغیر مخیر افراد کے تعاون سے چل رہا ہے

ان بچوں کو معاشرہ کا کارآمد شہری بنانے ان کیلئے معیاری تعلیم بنیادی ترجیح ہے۔ ساجد اعوان

ہفتہ 20 اپریل 2019 00:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) ادارہ تدریس القران (یتیم خانہ) 70 سال سے حکومتی امداد کے بغیر مخیر افراد کے تعاون سے چل رہا ہے، ان بچوں کو معاشرہ کا کارآمد شہری بنانے ان کیلئے معیاری تعلیم بنیادی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز سماجی رہنما چیئرمین سوہنی دھرتی فائونڈیشن و یتیم خانہ ساجد اعوان نے ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے ’’فوکس فورم‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر عامرشہزاد جدون، جنرل سیکرٹری راجہ محمد ہارون، سینئر صحافی سابق صدر سردار شفیق، سابق صدر اے یو جے سردار نوید عالم ، جنرل سیکرٹری محمد اقبال ساغر، سید اعجاز شاہ، نائب صدر ندیم جدون، سابق جنرل سیکرٹری سیدکمال شاہ، فنانس سیکرٹری دلدار احمد ستی اور جمیل احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ساجد اعوان نے کہا کہ زمانہ طالب علمی سے انہوں نے انسانیت کی خدمت کو شعار بنایا، مختلف تنظیموں میں خدمات سرانجام دیں، سیلاب سمیت زلزلہ میں عملی طور پر حصہ لیا، لوگوں کی مدد کی، متاثرہ افراد کو سہولیات دیں، 25 سالوں کے دوران اپنی استطاعت کے مطابق سماج کی ہر سطح پر خدمت و رہنمائی کی ہے۔

انہوں نے شہر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلڈ بنک کا قیام عمل میں لایا، نوجوانوں میں سماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آگاہی پروگرام منعقد کئے۔ یتیم خانہ کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ 1940ء میں قائم ہونے والا یہ ادارہ بغیر حکومتی امداد سے چل رہا ہے، اس وقت 47 بچے موجود ہیں اور ماہانہ پانچ لاکھ اخراجات ہیں جو مخیر فراد کے تعاون سے پورے کئے جاتے ہیں، اب تک بڑے بڑے سیاستدان کاروباری افراد اس کو حکومتی ادارہ تصور کرتے ہیں مگر ان کی جانب سے ایک پائی کی امداد نہیں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یتیم خانہ کا بورڈ ہے جو چیئرمین کا انتخاب کرتا ہے، پندرہ سالوں سے چیئرمین ہوں، ممبران کے تعاون سے ادارہ کو صحیح سمت لیکر چل رہے ہیں، بچوں کو معیاری اداروں میں تعلیم دلوا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم ادارہ کے ساتھ تعاون کریں جو ان کی دنیا و آخرت میں کامیابی کا باعث بنے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں