وکلاء کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 23 ستمبر کو کنونشن اور ریلی کا انعقاد کریں گے، محمد ارشد اعوان ایڈووکیٹ

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وکلاء 23 ستمبر کو کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں کنونشن اور ریلی کا انعقاد کریں گے۔ کنوشن میں ملک بھر سے وکلاء تنظیموں کے نمائندے اور وکلاء شرکت کریں گے، کنونشن کیلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد اعوان ایڈووکیٹ نے ہزارہ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور سینئر وکلاء سے میٹنگ کے بعد ایبٹ آباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارت نے وہ مظالم ڈھا رکھے ہیں جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی مگر شاید بھارت یہ بھول گیا ہے کہ 22 کروڑ پاکستانی مسلمان کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ہم نہ ہی موت سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی موت سے پیچھے ہٹتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپریم کورٹ بار آل پاکستان اور ہزارہ کے مختلف اضلاع کے بار ایسوسی ایشن کے صدور مانسہرہ سے عامر خان، بٹگرام سے رسول خان، فقیر محمد خان، ایبٹ آباد سے اسد خان جدون، ہری پور سے شاہد حسین شاہ، شاہجہان خان سواتی، سید امجد شاہ، خان افضل خان، انور زیب قریشی، محمد یوسف مغل، سید امجد شاہ اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی اور وکلاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ 23 ستمبر کو ہونے والے کنونشن اور وکلاء ریلی میں بھرپور شرکت کر کے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی جائے گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں