ملک کی ترقی و استحکام کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا،

اساتذہ کی تربیت ہی اس کا واحد ذریعہ ہے ڈی آئی جی مالاکنڈ سعید خان وزیر کا ایبٹ آباد کے نجی کالج میں فاٹا کے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب

پیر 21 جنوری 2019 14:23

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ڈی آئی جی مالاکنڈ سعید خان وزیر نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و استحکام کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا، اساتذہ کی تربیت ہی واحد ذریعہ ہے جس کی بدولت معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکتا ہے، اگر طلبہ کی بہترین کردار سازی ہو گی تو وہ اپنے وطن کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

وہ ایبٹ آباد کے نجی کالج میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی 8 روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ورکشاپ میں اساتذہ کو جدید طریقہ تدریس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اختتام پر معروف ماہر تعلیم اور ماڈرن ایج کے پرنسپل عبد الواحد میر نے شرکاء کو اکیسویں صدی کے سکول کی لوازمات سے متعلق بریفنگ دی اور اس ضمن میں مختلف اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ سکولوں میں تخلیق، اشتراک عمل اور تنقیدی نکتہ نظر کو اہمیت دیں اور بچوں میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کریں تاکہ وہ ترقی کے عمل میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ عبد الواحد میر نے کہا کہ خوف کے ماحول میں بچہ کبھی نہیں سیکھ سکتا، پلے گروپ اور نرسری میں بچوں کو شفقت کی ضرورت ہوتی ہے، جماعت اول سے پنجم تک بچوں کی بنیادی تعلیم پر توجہ دی جاتی ہے، اسی طرح جماعت ششم سے ہشتم تک بچوں کو تعلیم کے عملی مظاہرے کی طرف راغب کیا جاتا ہے جبکہ جماعت نہم سے انٹرمیڈیٹ کلاسوں تک عملی زندگی کے بارے میں بچوں کی درست سمت کا تعین کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اساتذہ تدریس کے نئے طریقوں سے آگاہ ہوں گے تو وہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کو تعلیم دیں گے، اس کیلئے ضروری ہے کہ اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کا تسلسل کے ساتھ انعقاد کیا جائے تاکہ فاٹا اور اس جیسے دیگر علاقوں کے اساتذہ ان ورکشاپوں سے سیکھنے کے بعد دوسروں کو بھی علم منتقل کریں۔ انہوں نے ڈی آئی جی مالاکنڈ سعید خا ن وزیر سمیت مانسہرہ اور ہزارہ بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور یقین ظاہر کیا کہ اگر باہمی اشتراک سے اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں تو ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔

تقریب میں فاٹا کے اساتذہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور ورکشاپ کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر ماڈرن ایج کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سعید خان وزیر (ڈی آئی جی مالاکنڈ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے، استاد ہی معاشرہ میں تبدیلی لا سکتا ہے بشرطیکہ اس کی تربیت جدید خطوط پر ہو۔ انہوں نے ماڈرن ایج کے پرنسپل عبد الواحد میر اور دیگر کو مالاکنڈ کے دورہ کے دعوت دی اور کہا کہ تعلیم کی بدولت پاکستان کے پسماندہ علاقوں کا معیار زندگی بلند کیا جا سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس اور سوینیئر تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں