تحصیل انتظامیہ رمضان سستا بازار کو تاجر برادری کے تعاون سے کامیاب بنائے گی، ٹی ایم او حویلیاں

ہفتہ 18 مئی 2019 14:05

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) تحصیل انتظامیہ حویلیاں رمضان سستا بازار کو تاجر برادری کے تعاون سے کامیاب بنائے گی، دو روزہ رمضان سستا بازار میں اشیائِ خوردونوش کے علاوہ عید کا سامان بھی رکھا جائے گا، ایوان تجارت حویلیاں کے تعاون سے عوام کو سستا بازار سے بہتر ریلیف ملے گا، تاجر اپنا منافع کم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ٹی ایم او حویلیاں اعجاز رحیم خان، صدر ایوان تجارت حویلیاں خورشید اعظم خان اور سپرنٹنڈنٹ ملک طفیل، اے ٹی او آر کرن زیب نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ٹی ایم او اعجاز رحیم نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ کے سستا بازار کو عوامی حلقوں نے تسلی بخش قرار دیا ہے جس میں عوام کو اشیاء خوردونوش سستے داموں مہیا کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے سستا بازار میں رمضان المبارک کے ساتھ عید کے حوالہ سے بھی سامان رکھا جائے گا تاکہ لوگ عید کی خریدراری بھی کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے حویلیاں کی تاجر برادری اور صدر خورشید اعظم خان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حویلیاں سستا بازار کی کامیابی میں ایوان تجارت کا کردار اہم ہے۔

صدر ایوان ِ تجارت خورشید اعظم خان نے کہا کہ حویلیاں ہمارا شہر ہے اور اس میں رہنے والے لوگ بھی ہمارے ہیں، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے سستے بازاروں کا انعقاد خوش آنند ہے جس میں تاجر برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں آل ٹریڈرز کے نمائندوں نصیر احمد عباسی، ناظم سہراب احمد، سید عابد حسین شاہ، صدر رشید، اخلاق احمد اور ندیم احمد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں