بہاولنگر،گیس سلنڈر پھٹنے سے ماں ، 2 کمسن بچیاں جھلس کر جاں بحق

منچن آباد کے علاقے طارق کالونی میں واقعہ گھر میں دھماکے میں حادثے کا شکار ہونے والوں میں23سالہ خاتون جبکہ 3اور5سال کی دو بیٹیاں شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 فروری 2024 15:17

بہاولنگر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2024 ء) منچن آباد کے علاقے طارق کالونی میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ماں اور 2 کمسن بچیاں جھلس کر جاں بحق ،دھماکے کے نتیجے میں 23 سالہ ہیرا بی بی اور ان کی 2 کمسن بیٹیاں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں، ان میں سے ایک بیٹی کی عمر 3 سال جبکہ دوسری بیٹی کی عمر 5 سال تھی۔بتایاگیا ہے کہ بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں واقع گھر میں کھانا پکانے کے دوران گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہواواقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ماں اور بچیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردیں۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔شاہدرہ میں گھرمیں کھانا تیار کرتے ہوئے گیس سلنڈر پھٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا ۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایاتھا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں دم گھٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرے کی حالت خراب ہو گئی تھی۔

ہربنس پورہ میں دو شہری جنریٹر والے کمرے میں سو رہے تھے کہ دھوئیں کے باعث دونوں کی حالت خراب ہو گئی تھی جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔دوران علاج ایک شخص دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی حالت بھی تشوشناک بتائی جا رہی ہے، واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کمرے کا جائزہ لینے کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے گزشتہ دنوں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ غیر معیاری گیس سلنڈر کی تیاری اور فروخت کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔

غیر معیاری گیس سلنڈر کے کاروبار کی روک تھام کے لئے اوگرا، انڈسٹری و ہوم ڈیپارٹمنٹس، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے لائحہ عمل تیار کریں۔ انہوں نے کہاتھا کہ غیر معیاری گیس سلنڈر کے کاروبار سے منسلک کسی رعایت کے مستحق نہیں انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاﺅن کیا جائے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں