اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کیلئے ساز گار ماحول میسر ہے، وائس چانسلر

جمعہ 2 فروری 2024 17:55

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں تمام اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کے لیے ساز گار ماحول میسر ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بلاامتیاز تمام اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کو کام کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے قومی اور عالمی معیارات کی پابند ہے۔

وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار برٹش کونسل پاکستان سے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں سینئر پروگرام منیجر حمزہ سلیم ، ہیڈ آف چائلڈ پروٹیکشن ثمینہ سردار اور پروگرام منیجر ورداڈار شامل تھیں ۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھیمیٹیکل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن،ڈاکٹر کنیزرابعہ ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ فزکس، ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس پروفیسر ڈاکٹر اریبہ خان، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز شہزاد احمد خالد موجود تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے برٹش کونسل سے بہترین تعلقات ہیں اور اساتذہ کے لیے پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے اور سکاٹ لینڈ پاکستان سکالر شپ فار ینگ ویمن اور گرلز کے تحت اب تک بڑی تعداد میں اسلامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ اورطالبات مستفید ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر برٹش کونسل کے وفد نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سیف گارڈنگ پالیسی سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی میں تعلیمی ترقی سے متعلق تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کے تحت انٹی ہراسمنٹ پالیسی اور انٹی ڈرگز پالیسی پر عملدر آمد کے لیے متعلقہ کمیٹیاں فعال اور مستعد رہتی ہیں۔ بعدا زاں وفد کے ارکان نے فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز اور کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کا دورہ کیا اور جامعہ میں جاری تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں