بہاولپور چڑیا گھر واقعہ، شہری کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا

ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی،ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 دسمبر 2023 12:49

بہاولپور چڑیا گھر واقعہ، شہری کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2023ء) پنجاب کے ضلع بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں چیتے نے ایک شہری کی جان لے لی۔بتایا گیا کہ بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چیتے کے حملے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ جنگلے میں موجود چار ٹائیگرز نے شہری کی لاش کو چیر پھاڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تاہم جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت نہ ہو سکی۔

جاں بحق شہری کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی۔شہری کی موت اطلاع سے 12 گھنٹے قبل رات کے وقت ہوئی۔ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا۔

(جاری ہے)

گردن سے بھی گوشت کو نوچا ہوا تھا۔شہری کے دونوں ہاتھوں میں ٹائیگرز کے بال تھے۔

ٹائیگر کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سوئپر ساڑھے دس بجے صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتہ چلا۔ ڈی سی، اے سی، پولیس اور رسیکیو ادارے بھی پہنچے۔جاں بحق شخص سے کسی قسم کی دستاویزات نہیں ملیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔

چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ، ہیڈ آف فرانزک ، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انچارج فرانزک، ریسکیو انچارج کرائم سین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔گذشتہ روز وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے سے شہری کے جاں بحق کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں