ترقیاتی منصوبوں سے محروم علاقوں سے الیکشن لڑنا میرا مشن ہے ،نواز اور شہباز الیکشن کیلئے نااہل ہو چکے ہیں،فائدہ پیپلزپارٹی کو ہو گا،چوہدری پرویزالہی

ہفتہ 12 جنوری 2008 21:41

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2008ء) چوہدری پرویز الہیٰ نے بہاولپورکے صوبائی حلقہ پی پی 272 ڈیرہ بکھا اور این اے 187یزمان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نے گذشتہ 5سالوں میں 130ارب روپے جنوبی پنجاب کو دئیے جو آج تک کسی حکومت کو توفیق نہیں ہوئی۔ ترقیاتی منصوبوں سے محروم علاقوں سے الیکشن لڑنا میرا مشن ہے ۔

مسلم لیگ ق نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں کلین سوئپ کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب ہونے کے بعد چولستان کے لوگوں کو زمینیں الاٹ اور یہاں کے پڑھے لکھے لوگوں کونوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 187اور پی پی 272 میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ میں این اے187کی نشست نہیں چھوڑوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساٹھ سالوں میں یہاں سے کئی وزیر ،مشیر بنے لیکن یہاں ترقیاتی کام نہ ہو سکے اور عوام میں احساس محرومی بڑھتا گیا۔

ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ جنوبی پنجاب کی جانب دی اور گذشتہ حکومتوں کی جانب سے پیدا ہونیوالا احسا س محرومی ختم کرنے کیلئے ہماری حکومت نے فنڈز کا رخ جنوبی پنجاب کی جانب موڑ دیا۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ بہاولپور میں سیوریج،واٹر سپلائی کی سکمیوں ،سڑکوں اورسمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے 2ارب روپے دئیے گئے ہیں۔بہاولپور شہر میں 1122کی سہولت، کارڈیالوجی سنٹر کا قیام اورایمرجنسی کو اپ گریڈ کیا گیاتاکہ عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں جو بڑے شہرو ں کو فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق کی حکومت کی جانب سے تعلیم او رکتابیں مفت فراہم کی گئیں اور بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا جہاں سے ادویات مفت فراہم کی جاتیں ہیں۔جبکہ ایمرجنسی میں 10ہزار کا ٹیکہ بھی مفت فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچوں کو تعلیم، کتابیں اورادویات مفت ملیں اوراپنے علاقے کی بہتری چاہتے ہیں تو پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دیں۔

ہمارے مخالفین نے صرف باتیں کی ہیں لیکن مسلم لیگ ق نے عملی کام کیے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف الیکشن کیلئے نااہل ہو چکے ہیں اس کا فائدہ پیپلز پارٹی ہو گا۔یہ دونوں بھگوڑے ہیں معاہدہ کرکے باہر چلے گئے اور معافی مانگ کر واپس آگئے۔ ن لیگ پیپلز پارٹی اور زداری کا حصہ بن چکی ہے۔پیپلز پارٹی کو دو صدمے ملے۔ ایک تو پیپلز پارٹی کو لیڈر شپ کا اور دوسرا زرداری کی شکل میں کہ وہ پیپلز پارٹی پر نازل ہو گیا اقتدار کی خاطر نسلیں تبدیل کی جارہی ہیں۔پیپلز پارٹی کس جمہوریت کی بات کر تی ہے ان کے پاس کسی قسم کا کوئی منشور نہیں ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ جلسہء عام سے مسلم لیگ (ق) کے دیگر عہدیداروں اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں