عام انتخابات کیلئے خواتین عملے کو مناسب تر بیت نہیں دی گئی ، خواتین پولنگ اسٹیشنز کی تعدا د کم ہونے سے بڑی تعداد میں خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہ گئیں، چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹوڈائریکٹر فاروق احمد خان کی یورپی مبصر مشن کے وفدسے گفتگو

بدھ 22 مئی 2013 17:28

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 22مئی 2013ء) چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹوڈائریکٹر فاروق احمد خان نے کہاہے کہ عام انتخابات کیلئے خواتین عملے کو مناسب تر بیت نہیں دی گئی جبکہ خواتین پولنگ اسٹیشنز کی تعدا د بھی کم تھی جن کی وجہ سے کافی خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہ گئیں ۔ الیکشن کمیشن انتخابی عملے ، پولنگ ایجنٹس اور خود ووٹرز کی مناسب تربیت کا انتظام کرتا تو ٹرن آؤٹ میں مزید اضافہ ممکن ہوجاتا ۔

وہ بدھ کو اپنے آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے یورپین یونین الیکشن آبزرویشن مشن پاکستان کے دو رکنی وفد سے تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے مسز مونیکا لاؤ نگو کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کر تے ہوئے مزید کہا کہ بہاولپور ضلع میں خواتین امیدواروں اور خواتین ووٹرز کے لئے انتخابی عمل میں شرکت ایک مشکل ترین مرحلہ تھا اس کے باوجود قومی حلقہ این اے 184 اور صوبائی حلقہ پی پی 272 میں خواتین امیدوار اور ووٹرز نے جمہوری عمل میں شرکت کو یقینی بنا کر ایک مثال قائم کی ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن پولنگ کے روز مختلف پولنگ اسٹیشز کا مشاہد ہ کرنے سے سامنے آیا کہ خواتین انتخابی عملے اور پولنگ ایجنٹس کو اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے ضروری تربیت نہیں دی گئی تھی جس سے ووٹ ڈالنے میں غیر ضروری تاخیر دیکھنے میں آئی ۔ اسکے علاوہ متوقع ٹر ن آؤ ٹ کو پیش نظر رکھ کر ووٹرز کی تعداد کے مطابق پولنگ اسٹیشنز نہیں بنائے گئے تھے خاص طور پر خواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ پولنگ اسٹشینز کی ضرور ت تھی جو پوری نہیں کی گئی ۔

اسی طرح امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی اکثریت بھی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے غیر تربیت یافتہ پائی گئیں ۔ سب سے بڑھ کر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کے بارے میں پریذائیڈنگ آفیسر ز تک باضابطہ اطلاع نہ پہنچے کی وجہ سے بھی بہت سے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہ گئے ۔فاروق احمد خان نے تجو یز دی کہ انتخابی عمل کو صاف شفاف اور غیر جانبدار انہ بنانے کیلئے سول سو سائٹی کی فعال تنظیموں کو بھی مشاہدہ کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے ۔ اس مو قع پر یورپی یو نین الیکشن آبرزویشن مشن کے وفد نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے آفس کا دورہ کیا اورکونسل کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں