نگہبان رمضان پیکیج کے تحت ضلع بھر میں مستحقین کو راشن بیگ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعرات 14 مارچ 2024 19:50

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نگہبان رمضان پیکیج کے تحت ضلع بھر میں مستحقین کو راشن بیگ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی ملک خالد محمود وارن، ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ،اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی،اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے نگہبان رمضان پیکیج کے تحت مستحق افراد میں فوڈ ہیمپرز کی فراہمی کے امور کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کی فراہمی میں مزید تیزی لائی جائے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے ملک خالد محمود وارن نے نگہبان رمضان پیکیج کے اہداف کو تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے بتایا کہ ضلع بھر میں 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد مستحق خاندان میں راشن بیگ تقسیم کئے جائیں گے اور اب تک 82 ہزار سے زائد مستحق خاندان میں راشن بیگ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔اجلاس میں ضلع کی تحصیل سطح پر رمضان پیکیج کے تحت راشن بیگ کی فراہمی بارے بریف کیا۔

انہوں نے بتایا کہ راشن بیگ میں دس کلو آٹا، دو دو کلو چینی، بیسن، چاول اور گھی شامل ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر میں شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور نکاس آب کے کاموں کے بارے بریف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر اور دیہات کے علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے لئے مشینری استعمال کی جارہی ہے علاوہ ازیں لوگوں کا صفائی ستھرائی کے حوالہ سے شعور اجاگر کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاولپور شہر میں یونین کونسل کی سطح پر صفائی کی جارہی ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماڈل بازار میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ قائم ہیں جہاں فوڈ آئٹم پچیس فی صد کم نرخ پر فروخت کئے جارہے ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں